
اسلام آباد ۔ 17 جولائی (اے پی پی) مسلم لیگ( ن )کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ جن لیڈروں کا پاناما کے ساتھ کوئی تعلق ہی نہیں تھا ایسے سپر یم کورٹ آئے ہوئے تھے ۔سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ( ن )کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت ،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے رہنما جن کا پاناما کیس سے کوئی تعلق نہیں تھا اس طرح سپر یم کورٹ آئے ہوئے جیسے ان کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں 24اگست 2016ءکو جماعت اسلامی کی درخواست 450 لوگوں کے خلاف تھی،اس درخواست پر کسی قسم کا احتجاج نہیں ہوا ،29اگست کو عمران خان نے شریف خاندان کے خلاف درخواست دی تو اس کے بعد جماعت اسلامی نے بھی اپنی پہلی درخواست واپس لے کر صرف وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے خلاف نئی درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ،جماعت اسلامی کی یہ سوچ انتقامی کارروائی کی نشاندہی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی سماعت میں ہمارے وکیل نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کو رد کردیا ہے ،خواجہ حارث نے عدالت کو باور کرایا ہے کہ قانونی تقاضے پور ے کیے بغیر جے آئی ٹی کی رپورٹ کو لے کر آگے نہیں بڑھا جا سکتا ہے۔