مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی قیادت کے اہم مشاورتی اجلاس میں آئین شکن عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کیلئے مختلف تجاویز پر مشاورت، حتمی فیصلوں کیلئے محمد نوازشریف کی زیرصدارت کل پھر اجلاس ہوگا، مریم اورنگزیب

126
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا پروٹوکول آفیسرپی آئی ڈی مقبول احمد کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار افسوس

لندن۔12مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی قیادت کے اہم مشاورتی اجلاس میں آئین شکن عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لئے مختلف تجاویز پر مشاورت ہوئی، قائد محمد نواز شریف کی زیر صدارت حتمی فیصلوں کیلئے کل پھر اجلاس ہوگا، کل کے اجلاس میں ملک میں عوام کو بحران سے نکالنے کے لئے حکمت عملی کی منظوری دی جائے گی، تمام فیصلوں کا اعلان اتحادی جماعتوں کی تائید و حمایت سے ہوگا۔

بدھ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی زیر صدارت بدھ کو یہاں پارٹی قیادت کے اہم مشاورتی اجلاس کی پہلی نشست کا انعقاد ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت کو ورثہ میں ملنے والے سنگین معاشی، آئینی اور انتظامی بحرانوں پر قائد محمد نواز شریف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور موجودہ معاشی حقائق سے قائد محمد نوازشریف کو آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ عوام کو مہنگائی کے مزید بوجھ سے بچانے کے لئے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ توانائی کے شعبے میں سابق حکومت کے پیدا کردہ سنگین بحران، لوڈشیڈنگ، تیل اور ایل این جی نہ منگوانے کی تفصیلات بھی بیان کی گئیں۔ اجلاس نے مہنگائی، لوڈشیڈنگ سے عوام کو نجات دلانے اور ریلیف کی فراہمی سے متعلق مختلف سفارشات پر غور کیا۔

اجلاس نے حکومت میں آنے کے بعد سے اب تک کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومتی ٹیم نے معاشی حقائق کی روشنی میں مستقبل کے اقدامات کے بارے میں اپنی آراء پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا۔ اجلاس نے 3 اپریل سے اب تک آئین شکنی کے اقدامات کا جائزہ لیا اور اتفاق رائے پایا گیا کہ آئین شکن عناصر سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئین شکن عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لئے مختلف تجاویز پر مشاورت ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کی زیرصدارت حتمی فیصلوں کے لئے کل پھر اجلاس ہوگا، کل کے اجلاس میں ملک اور عوام کو بحران سے نکالنے کے لئے حکمت عملی کی منظوری دی جائے گی۔ تمام فیصلوں کا اعلان اتحادی جماعتوں کی تائید و حمایت سے کیا جائے گا۔