26.6 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومتازہ ترینمسلم لیگ (ن) کے کارکن محض سیاسی نہیں بلکہ نظریاتی مشن کا...

مسلم لیگ (ن) کے کارکن محض سیاسی نہیں بلکہ نظریاتی مشن کا حصہ ہیں، خیبر پختونخوا میں موٹر ویز اور تعمیر و ترقی کے منصوبوں پر نواز شریف کی مہر ثبت ہے، عطاءاللہ تارڑ

- Advertisement -

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا اور ہر مشکل وقت میں پارٹی کا پرچم بلند رکھا، مسلم لیگ (ن) کے کارکن محض سیاسی نہیں بلکہ نظریاتی مشن کا حصہ ہیں اور ان کا عزم ملک کی ترقی اور سلامتی کے لئے مستحکم ہے، ایک طرف 28 مئی والے ہیں جنہوں نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور دوسری طرف 9 مئی والا انتشاری ٹولہ ہے جس نے اپنے ہی ملک پر حملے کئے، یہ پاکستان کے دشمن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے یوتھ کوآرڈینیٹرز، ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے دلیر، غیور اور وفادار نوجوانوں نے ہمیشہ پارٹی کا جھنڈا بلند رکھا ہے اور ہر مشکل وقت میں مسلم لیگ (ن) کا بھرپور ساتھ دیا۔ عطا اللہ تارڑ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اختیار ولی خان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اگر کوئی ”مشکل وقت کا ساتھی“ کہلانے کا حق رکھتا ہے تو وہ اختیار ولی ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے فسطائیت کے دور میں جب ضمنی الیکشن ہوئے تو پنجاب سے جیتنے والی 15 سیٹوں کی خوشی ایک طرف اور نوشہرہ کی ایک سیٹ کی خوشی سب پر بھاری تھی، ضمنی انتخابات میں نوشہرہ سے مسلم لیگ (ن) کی فتح اس وقت کی بڑی کامیابی تھی، جب وہاں مخالفین کا طوطی بول رہا تھا۔

- Advertisement -

عطا اللہ تارڑ نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو محض سیاسی کارکن نہیں بلکہ نظریاتی مشن کا حصہ سمجھیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے مسلم لیگ (ن) کی اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں کہ اس ملک میں اگر کسی نے خدمت اور تعمیر و ترقی کی سیاست کی ہے تو وہ مسلم لیگ (ن) ہے، جہاں جہاں تعمیر و ترقی کا نشان نظر آئے گا وہاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی مہر ملے گی۔ آج خیبر پختونخوا میں موٹر ویز کا جال بچھا ہے، ہر منصوبے پر میاں نواز شریف کی مہر ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم 28 مئی یوم تکبیر والے ہیں، ہمارے قائد نے ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا جبکہ یہ انتشاری ٹولہ 9 مئی والا ہے جس نے اپنے ہی ملک پر حملہ کیا اور ملکی دفاع کو نقصان پہنچایا، ان بدبختوں نے اپنے سیاسی فائدے کے لئے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مجسمے کی بے حرمتی کی۔ انہوں نے بتایا کہ 9 مئی کے واقعہ کے بعد وہ خود صوابی گئے اور کیپٹن شیر خان شہید کے بھائی انور لالہ سے ملاقات کی اور ان کے عظیم بھائی کے مجسمے کی توہین پر ان سے معذرت کی۔ کیپٹن شیر خان کی بہادری کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بھارت کے بریگیڈیئر مہندر پرتاب سنگھ کا حوالہ دیا جنہوں نے کیپٹن شیر خان کی شجاعت کو سراہا اور ان کے جسد خاکی کے ساتھ ایک خط بھیجا کہ ”یہ ایسا جوان تھا جس کی بہادری کو سراہا جانا چاہیے۔“

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی 11 سال سے حکومت ہے اس کے باوجود وہ سی ٹی ڈی فورس، سیف سٹی پراجیکٹ یا فارنزک لیب تک نہیں بنا سکی۔ خیبر پختونخوا میں عوام کی بہتری کا ایک منصوبہ نہیں لگا، وہاں صحت کے شعبے پر کیوں توجہ نہیں دی گئی؟ امن و امان پر کیوں توجہ نہیں دی گئی؟ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بات کرنے پر علی امین گنڈاپور کی ٹانگیں کانپتی ہیں، پی ٹی آئی والے نسل در نسل غلام ہیں اور غلام رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے مخلص ہیں تو دہشت گردوں کے خلاف بات کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں ہونے والے واقعات کے نمونے آج بھی فارنزک کے لئے لاہور بھیجے جاتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے سوال اٹھایا کہ اگر نیت نیک ہوتی تو آج خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبے نظر آتے۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے نیشنل فنانس کمیشن (NFC) ایوارڈ کے تحت خیبرپختونخوا کو ملے لیکن ان کا کوئی مصرف نظر نہیں آیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی موجودہ حالت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں گروپ بندی ہو چکی ہے، علی امین گنڈاپور، جنید اکبر، شیر افضل مروت کے الگ الگ گروپ بن چکے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ نہ ملک سے مخلص ہیں اور نہ اپنی پارٹی سے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں گزشتہ ایک سال کے دوران معیشت کی بحالی، مہنگائی میں کمی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی جیسے اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ عالمی ادارے آج پاکستان کی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں، جو صرف ٹیم ورک، وژن اور مخلص قیادت سے ممکن ہوا۔ انہوں نے جنرل عاصم منیر کے کردار کو بھی سراہا کہ وہ معاشی بحالی کے سفر میں ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈیفالٹ کے دھانے پر کھڑے تھے، وزیراعظم نے ملک کی ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والوں کی خواہش پر پانی پھیر دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس پاکستان میں ہونا، 12 وزرائے اعظم کا پاکستان آنا، چیمپئنز ٹرافی جیسے عالمی ایونٹس کا پاکستان میں انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے۔ اپنے خطاب کے اختتام پر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکن ملک و قوم سے مخلص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہر ضلع کا دورہ کر کے عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ میدان میں نکلیں، اپنے حلقے میں جائیں اور مسلم لیگ (ن) کا پیغام عام کریں۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع سے نمائندگان شریک ہوئے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583333

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں