ایبٹ آباد۔ 23 اپریل (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) ہزارہ ڈویژن کے صدر سردار شاہجہان یوسف اور جنرل سیکرٹری سہیل انجم مغل کی مشاورت سے پارٹی کو ری آرگنائز کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہری پور اور مانسہرہ کی ضلعی قیادت نے مسلم لیگ (ن) ہزارہ ڈویژن کی کابینہ میں مخلص و محنتی کارکنوں کو نمائندگی دینے کیلئے سفارشات مرتب کی ہیں جس پر ڈویژنل صدر نے سابق رکن صوبائی اسمبلی نعیم سخی تنولی کو مسلم لیگ (ن) ہزارہ ڈویژن کا نائب صدر اور سابق ضلعی جنرل سیکرٹری مانسہرہ نیاز محمد نیازی کو ہزارہ ڈویژن کا ایڈیشنل سیکرٹری منتخب کیا ہے۔
اسی طرح ہری پور کی ضلعی قیادت کی سفارشات پر خالدالرحمن اعوان کو سینئر نائب صدر اور بابر خان پنی کو نائب صدر ہزارہ ڈویژن منتخب کر لیا گیا ہے۔ پارٹی کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری سہیل انجم مغل نے نئے منتخب ہونے والے عہدیداران کا باقاعدہ طور پر نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب عہدیداران اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے پارٹی کو منظم و فعال کرنے اور مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کا بیانیہ گھر گھر پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ہزارہ ڈویژن کے صدر سردار شاہجہان یوسف اور ڈویژنل جنرل سیکرٹری سہیل انجم مغل نے یہاں اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نو منتخب اراکین ہزارہ ڈویژن میں مسلم لیگ (ن) کو مضبوط پارٹی ڈھانچہ کی تشکیل کیلئے ہمیشہ کی طرح اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586234