اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ خیبرپختونخوا کے نوجوان پارٹی کا اثاثہ ہیں، ملک بھر کے نوجوانوں کو بیرون ملک 15 لاکھ اور اندرون ملک 16 لاکھ سے زائد ملازمتوں کے مواقع فراہم کریں گے، ڈیجیٹل یوتھ ہب پر 20 لاکھ نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں، ملک اور بیرون ملک سے ملازمتیں فراہم کرنے والی ایک ہزار سے زائد کمپنیوں نے ڈیجیٹل یوتھ ہب پر رجسٹریشن کرائی ہے،نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے 160 ارب روپے مختص کئے جا رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا یوتھ کوآرڈینیٹر کے ڈویژنل، ضلع اور تحصیل عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ یوتھ ونگ کے نوجوانوں کا جوش و جذبہ دیکھ کر خوشی ہوئی، ماضی میں وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اﷲ تارڑ اور رانا احسان افضل سمیت ہم سب نے پارٹی میں قربانیوں کی داستان رقم کی، مشکل وقت میں پارٹی قیادت کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا یوتھ ونگ کے نوجوان پارٹی کا اثاثہ ہیں، ان پارٹی کارکنوں کی عظمت کو سلام ہے، یہ پارٹی کا جھنڈا اٹھا کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے پہلی یوتھ اینڈ انڈولسنٹ پالیسی کا اعلان جلد کریں گے، اس پالیسی سے متعلق ملک بھر کے 25 شہروں کے نوجوانوں سے فارم کے ذریعے تجاویز لیں گے، خیبرپختونخوا کے 6 شہروں سے بھی نوجوانوں کو اس میں شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے وسیع مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، نوجوانوں کو بیرون ملک 15 لاکھ اور اندرون ملک 16 لاکھ سے زائد ملازمتوں کے مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ سے اب تک ڈیجیٹل یوتھ ہب پر سوشل میڈیا کے ذریعے 60 ملین نوجوانوں نے رسائی حاصل کی ہے، 20 لاکھ نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں، ملک اور بیرون ملک سے ملازمتیں فراہم کرنے والی ایک ہزار سے زائد کمپنیوں نے ڈیجیٹل یوتھ ہب پر رجسٹریشن کرائی ہے، صوبائی حکومتوں سے مل کر نوجوانوں کو تمام شعبوں میں ملازمتوں کے مواقع فراہم کریں گے، اس میں خیبرپختونخوا کے نوجوان بھی شامل ہوں گے، خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تمام وسائل فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے 160 ارب روپے مختص کئے جا رہے ہیں، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کیلئے وزیراعظم یوتھ لون سکیم کے ذریعے 200 ارب روپے کا بلاسود قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان خود کو ڈیجیٹل یوتھ ہب پر رجسٹر کرائیں اور مختلف شعبوں میں وسیع مواقع سے مستفید ہوں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583305