مسلم ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ملک محمد احمد خان سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے

135
Speaker Punjab Assembly
Speaker Punjab Assembly

لاہور۔24فروری (اے پی پی):پنجاب اسمبلی میں مسلم ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ملک محمد احمد خان 224ووٹ لے کر سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔ سنی اتحاد کونسل کے سپیکر کے امیدوار احمد خان بھچر نے96ووٹ لئے، الیکشن میں کل 322ووٹ ڈالے گئے جبکہ 2 ووٹ مسترد ہوئے۔سپیکر کے انتخاب کے لئے رائے شماری خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہوئی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے سپیکر کے نتیجے کااعلان کیا اور نومنتخب سپیکر ملک احمد خان کو مبارکباد پیش کی اور مصافحہ بھی کیا۔سبطین خان نے نو منتخب سپیکر سے حلف لیا جس کے بعد نو منتخب سپیکر ملک محمد احمد خان نے سپیکر کی صدارت سنبھال لی۔ نومنتخب سپیکر ملک محمد احمد خان نے سپیکر کی کرسی پر بیٹھتے ہی ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کو شروع کرا یا، سپیکر کے انتخاب کے اعلان کے بعد ایوان شیر شیر کے نعروں سے گونج اٹھا،

مریم نواز نے سپیکر منتخب ہونے پر ملک احمد خان کو تھپکی دے کر شاباش دی، مریم نواز نے ایوان میں ہاتھ ہلایا تو ن لیگی اراکین نے شیر شیر کہہ کر جواب دیا، ملک محمد احمد خان کے سپیکر منتخب ہونے کے بعد ارکان اسمبلی نے انہیں مبارک باد بھی دی۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ اور 33منٹ کی تاخیر سے سپیکر سبطین خان کی صدارت میں شروع ہوا۔اجلاس کے آغازپر6 نومنتخب ارکان اسمبلی وسیم خان بادو زئی فرحت عباس، رائے محمد مرتضی اقبال، فتح خالق بندیال، چوہدری شافع حسین،اور توکل عباس وڑائچ نے بطور ممبر پنجاب اسمبلی حلف اٹھایا۔سپیکر سبطین خان نے ایوان میں بتایا کہ پہلے سپیکر اور پھر ڈپٹی سپیکر کاالیکشن ہوگا،اس کے بعد سیکرٹری اسمبلی عامر حبیب نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا طریقہ کار ایوان میں بتایا، ایوان میں دائیں جانب تین بوتھ بنائے گئے ہیں

جس میں پی پی ون سے 125تک ممبران ووٹ ڈالیں گے، بائیں جانب پولنگ بوتھ نمبر دو میں پی پی 126-250اور تین میں پی پی 251-371 تک ووٹ ڈالیں گے،سیکرٹری اسمبلی نے بتایا کہ پولنگ بوتھ نمبر ایک میں نام پکارا جائے گا اور وہ پولنگ آفیسر سےبیلٹ پیپر وصول کرکے بوتھ نمبر ایک میں بیلٹ پیپر پسند امیدوار کے سامنے ووٹ پر مہر لگائیں گے، ممبران ووٹ ڈائس کے بیلٹ باکس میں ڈال دیں گے۔پولنگ دو اور تین کیلئے نام پکارا جائے گا تو بیلٹ پیپر لے کر بوتھ میں جائیں گے۔جس کے بعد سپیکر کے انتخاب کا آغاز ہو گیا ۔اسپیکر کے انتخاب کے لئے 327 اراکین اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کئے جبکہ16اراکین نے ابھی تک بطور رکن اسمبلی حلف نہیں اٹھایا نہ ہی انہوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔جبکہ27مخصوص نشستوں کا ابھی تک اعلان نہیں ہوا۔