ملتان۔ 04 ستمبر (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامرخٹک نے کہاہے کہ سانحہ جڑانوالہ کے واقعہ میں ڈویژنل انتظامیہ اور مذہبی قیادت آج مسیحی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔تمام مکاتب فکر نے جڑانوالہ واقعہ کی مذمت کی ہے۔ریاست نے سانحہ جڑانوالہ کے ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لیا ہے۔مذہبی قیادت نے قیام امن کیلئے ہمیشہ مثالی کردارادا کیا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے سوموارکے روزسانحہ جڑانوالہ کے تناظرمیں ڈویژنل بین المذ اہب ہم آہنگی کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ جڑانوالہ واقعہ اسلامی تعلیمات کے منافی اور مذہبی شدت پسندی کی مثال ہے۔اس کانفرنس کامقصد مسیحی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لئے ریاست اورمذہبی قیادت ایک ہی پلیٹ فارم پرہیں ۔اس موقع پرعلماءکرام نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کانفرس سے اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام جائے گا۔ وطن عزیز میں تمام اقلیتیں محفوظ اور مکمل حقوق رکھتی ہیں۔آرپی او ملتان کیپٹن ر سہیل چوہدری نے کہاکہ ریاستی اداروں نے مذہبی شدت پسندی کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی ہے۔
شہر اولیاءسے ہمیشہ امن و بھائی چارے کا پیغام دیا گیا۔حکومت پنجاب نے مذہبی قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرکے اتحاد کی عملی تصویر پیش کی۔ڈپٹی کمشنر ملتان عامرجہانگیر نے کہاکہ سانحہ جڑانوالہ اسلامی تعلیمات سے دوری اور شدت پسندی کا نتیجہ ہے۔علماء کرام شدت پسندی کے واقعات کی روک تھام کیلئے اسلامی تعلیمات کو فروغ دیں۔کانفرنس میں ڈویژن کے تمام ڈسٹرکٹ پولیس افسران، ڈی سی خانیوال وسیم حامد سندھو ،ڈی سی لودھراں عبد الروف مہے، ڈی سی وہاڑی سید آصف حسین شاہ بھی موجودتھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=386316