مشال حسین ملک کی کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر وزیر اعظم کی تعریف

59
مشعال ملک

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشال حسین ملک نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور بھرپورانداز میں آواز بلند کرنے کی تعریف کی ہے۔ اسیر حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا کہ عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) میں مسئلہ کشمیر کو مدلل اور موثر انداز میں اٹھایا۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیر کاز کی بھرپور حمایت اور کوششوں پر پوری قوم ان کی شکر گزار ہے۔

تاہم انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ دنیا کو بھی کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت کرنی چاہیے اور کشمیر کو بھارتی فاشسٹ حکومت کی بدترین غلامی سے نجات دلانے کے لیے ٹھوس حل نکالنا چاہیے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی میں نوجوانوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس لیے پاکستانی نوجوانوں کو ہندوتوا حکومت کی چیرہ دستیوں کو بے نقاب کرنے کے لئے آگے آنا ہوگا ، اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں دہشت کا راج ختم کرنے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں جموں و کشمیر میں خود جا چکی ہوں اور جانتی ہوں کہ کشمیری عوام کس قسم کے مظالم برداشت کر رہے ہیں۔ مشال حسین ملک نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوان کشمیری عوام کی آواز ہیں اور کسی بھی تحریک کی کامیابی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہوتا ہے۔ چیئرپرسن نے کہا کہ افغانستان کا مسئلہ حل ہو چکا ہے اور اب دنیا کی توجہ کشمیر پر مرکوز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہےکہ کشمیر آزاد ہو گا اور ہمیں دل سے یقین کرنا ہوگا کہ کشمیر میں سبز ہلالی پرچم جلد لہرائے گا اور ہم اس خواب کو پورا ہوتا دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس ایک مثال ہے کہ کس طرح دنیا کی سپر پاور کو آپ کے پڑوس میں مسلسل جدوجہد سے شکست ہوئی ، اس لیے وہ دن دور نہیں جب کشمیر ہندوستانی غلامی کی زنجیریں توڑ دے گا۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارتی حکومت کے 5 اگست کے بدنام زمانہ اقدام کے تناظر میں ، ہندوو¿ں کو کشمیر میں بڑی تعداد میں ایک بدنیتی پر مبنی منصوبے کے تحت آباد کیا جا رہا ہے جس کے بعد بھارت ریفرنڈم کرانے کا سوچ رہا ہے جو کہ تباہ کن ہوگا۔

لہٰذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان عالمی طاقتوں کو اقوام متحدہ کے متفقہ فارمولے اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جلد از جلد مسئلہ کشمیر کے حل کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے تاکہ بھارتی مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔