مشکل گھڑی میں امدادی سرگرمیوں کو آنے والے دنوں میں جاری رکھیں گے، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر یو ایس ایڈ

139
USAID
USAID

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):مشکل گھڑی میں پاکستان کی امدادی سرگرمیوں میں مدد جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار یو ایس ایڈ کی ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ازوبیل کولمین نے گزشتہ روز جنیوا بین الاقوامی کانفرنس میں امریکی وفد کی سربراہ کی حیثیت سےاعلان کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کی حالیہ سیلاب کے نتیجے میں تباہی سے بحالی کی کوششوں میں مدد جاری رکھنے کے لیے مزید 100 ملین ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اس فنڈنگ سے پاکستانی عوام اور موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے امریکہ کے عزم کو تقویت ملتی ہے۔ 2022 میں فراہم کردہ سیلاب کی امداد، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے 97 ملین ڈالر اور خوراک کی حفاظت کی امداد اور یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن کی جانب سے 4.8 ملین ڈالر کی مالی امداد کے ساتھ مل کر، اب تک کی کل امریکی امداد200 ملین ڈالر سے زیادہ ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 100 ملین ڈالر میں نئی اور ری ڈائریکٹ دونوں فنڈنگ شامل ہیں۔

یو ایس ایڈ زراعت اور خوراک کی حفاظت، صحت، اقتصادی ترقی، تعلیم، تحفظ اور گورننس کے لیے درکار تعاون کو ترجیح دیتے ہوئے 79.3 ملین ڈالر فوری طور پر فراہم کر رہا ہے۔ اس فنڈنگ میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے وسائل کی مد میں جاری کردہ 20.7 ملین ڈالر بھی شامل ہیں جو سیلاب سے متاثرہ افغان مہاجرین اور پاکستان میں میزبان کمیونٹیز کی مدد کے لیے انسانی امداد فراہم کریں گے۔ یہ امداد عدالتوں، پولیس سٹیشنز اور تربیتی سہولیات سمیت انصاف کے شعبے کے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کو بھی بحال کرے گی۔