اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے ثمینہ بیگ اور ان کی ٹیم کو دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثمینہ بیگ پاکستان کی پہلی خاتون کوہ پیما ہیں جنہوں نے کے ٹو سر کی ہے۔
جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ثمینہ بیگ نے کے ٹو سر کر کے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ہے،پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں مثالی کاکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمت و عزم کے حوالے سےثمینہ بیگ اور نائلہ پاکستان کی دیگر خواتین کے لئے ایک مثال ہیں،کوہ پیمائی کے حوالے سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے میں گلگت بلتستان کے نوجوانوں کا اہم مقام ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی سرزمین نے دنیا کے عظیم کوہ پیماہ پیدا کئے ہیں،دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے میں ان کوہ پیماؤں نے اپنی جانوں کا نذرانہ تک پیش کیا ہے،پوری پاکستانی قوم گلگت بلتستان کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔