مشیر برائے اقتصادی امورڈاکٹر سلمان شاہ کا 22ویں سہ روزہ ٹیکسٹائل ایشیا ءانٹرنیشنل ٹریڈ فیئرسے خطاب

78

لاہور۔20 ستمبر(اے پی پی )مشیر برائے اقتصادی امورڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیکسٹائل کے شعبہ میں ہنر مند اور سستی لیبر کا مرکز ہے جس سے چین بخوبی استفادہ کرسکتا ہے، حکومت پنجاب صوبے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو تیزتر کرنے کیلئے سازگار فضا کے قیا م کیلئے کوشاں ہے اس سلسلے میں کاروباری برادری کے ساتھ وسیع تر مشاورت کا عمل جاری ہے اور کاروباری برادری کی تجاویز کی روشنی میں بہت جلد اہم اقدامات کئے جائیں گے،جس طرح وفاقی حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سہولیاتی پیکیج دیاہے اسی طرح حکومت پنجاب بھی صوبہ کی سطح پر اس صنعت کو ضروری سہولتوں کی فراہمی پر غور کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ےہاں لاہور ایکسپو سنٹر میںپاک چین جوائینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ای کامرس گیٹ وے کے اشتراک سے منعقدہ 22 ویں سہ روزہ ٹیکسٹائل ایشیا ءانٹرنیشنل ٹریڈ فیئر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں 550 سے زائد بین الاقوامی برانڈز کی نمائش کے علاوہ چین، فرانس، آسٹریا، چیک ری پبلک، جرمنی، اٹلی، کوریا، جاپان، ترکی، برطانیہ اور امریکہ سمیت دنیا کے 27 ممالک سے 450 غیر ملکی صنعتکار اور تاجر شریک ہیں۔ڈاکٹر سلمان شاہ نے اس امر کا اعتراف کیا کہ پاکستان میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو قومی معیشت میں مرکزی اہمیت حاصل ہے اور ملکی برآمدات میں بھی اس صنعت کا سب سے نمایاں حصہ ہے اور یہ ایک حقیقت ہے کہ اس صنعت کے زیادہ تر کلسٹر لاہور ، فیصل آباد اور ملتان میں پائے جاتے ہیں۔