اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات شوکت ترین نے ملک میں چینی اورآٹے کی قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزارت صنعت و پیداوار کو مستقبل میں چینی کی قیمتوں میں اضافے سے بچنے کے لئے چینی کے سٹرٹیجک ذخائر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ مشیرخزانہ نے کہاکہ حکومت ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی سہل اور ہموار فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر سید فخر امام، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری صنعت و پیداوار، ایڈیشنل سیکریٹری تجارت، صوبائی چیف سیکریٹریز،پاکستان بیوروبرائے شماریات کے چیف شماریات ، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر، متعلقہ حکام اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک میں روزمرہ استعمال کی اشیاء اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کے شرکا کو افراط زرکی ہفتہ وار صورتحال سے آگاہ کیا اوربتایا کہ گزشتہ ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.55 فیصد اضافہ ہواہے، یہ اضافہ بجلی کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے ہوا ہے جبکہ خوراک، ٹرانسپورٹ اور نان فوڈ آئٹمز کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران بالترتیب 0.67، 0.27 اور 0.02 فیصد کی کمی ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 19 کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹماٹر، آلو، چکن، پیاز، انڈے، گڑ، چینی، گندم کے آٹے کے تھیلوں کی قیمتوں میں ہفتے کے دوران نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں وہی رہیں جو تین سال پہلے تھیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب،خیبرپختونخوا اوراسلام آباد کیپٹل انتظامیہ کے فعال اقدامات کی وجہ سے آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے فی 20 کلوگرام کی سطح پربرقرارہے۔ اجلاس میں ملک میں گندم کے وافر ذخیرہ کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
چینی کی قیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ چینی کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔ نئی پیداواربھی مارکیٹ میں آ رہی ہے جس سے قیمتیں مزید کم ہو جائیں گی۔مشیرخزانہ نے مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزارت صنعت و پیداوار کو ہدایت کی کہ مستقبل میں چینی کی قیمتوں میں اضافے سے بچنے کے لیے چینی کے سٹریٹجک ذخائر بنائے جائیں۔ا
جلاس کے شرکا کو ملک میں دالوں کی قیمتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا اوربتایا گیا کہ گزشتہ ہفتہ کے دوران دالوں کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ اجلاس میں ملک میں خوردنی تیل کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا اوراس ضمن میں ایف بی آر کو سابق فاٹا/پاٹا سے درآمد شدہ خوردنی تیل کی آباد علاقوں میں نقل و حمل کی نگرانی کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سستا اور سہولت بازاروں میں رعایتی قیمتوں پر ضروری اشیاء کی فراہمی کاسلسلہ جاری ہے ۔ وزیر اعظم کے مشیر نے سستا بازاروں کے ذریعے اہم اشیاء رعایتی قیمتوں پر فراہم کرنے میں حکومت پنجاب اور خیبرپختونخوا کی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔ مشیرخزانہ نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی سہل اور ہموار فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔