مشیر خزانہ شوکت ترین کے کھادسازی کی صنعت کودرپیش مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کواحکامات جاری

70

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کھادسازی کی صنعت کودرپیش مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کواحکامات جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کھادسازی کی صنعت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرے گی۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں کھاد تیارکنندگان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیرصنعت وپیداوارمخدوم خسروبختیار، ممبرایف بی آر اورسینئرافسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔

وفد کے اراکین نے کھادیں تیارکرنے والے تیارکنندگان کورابطہ کاری کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرنے، صنعت کے مسائل کے حل اوربین الاقوامی مارکیٹ کے مقابلہ میں کھادوں کی قیمت کم کرنے میں حکومت کے مثبت کردارکو سراہا۔وفد کے اراکین نے کھادسازی کی صنعت کودرپیش مسائل پرروشنی ڈالی اوراس ضمن میں حکومت سے تعاون کی درخواست کی۔

مشیرخزانہ نے وفد کو مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کرائی اورکہاکہ حکومت ملک کی اقتصادی ترقی میں کھادسازی کی صنعت کے کلیدی کردارکی معترف ہیں۔انہوں نے کہاکہ کھادسازی کی صنعت کوکسانوں کومعقول نرخوں پرکھادوں کی فراہمی میں اپناکرداراداکرنا چاہئے۔

انہوں نے وفد کے مسائل سنے اوران کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کے فروغ میں کھادسازی کی صنعت کواپنا کرداراداکرنا چاہئے۔وفد نے مسائل کے حل کیلئے تعاون فراہم کرنے پرمشیرخزانہ کاشکریہ اداکیا۔