اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):مصر میں منعقد ہونے والے سماع انٹرنیشنل فیسٹول برائے روحانی موسیقی میں پاکستانی قوالوں کی خوبصورت گائیکی نے سماں باندھ دیا، قوالوں کی کارگردگی نے حاضرین کے دل جیت لئے۔
مصرمیں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیسٹول مصرکے وزیراعظم اوروزارت ثقافت کے زیراہتمام منعقد ہورہاہے۔ 7روزتک جاری رہنے والے اس فیسٹول میں پاکستان سمیت 20 ممالک کے ثقافتی طائفے شریک ہیں ۔فیسٹول میں پاکستان کی نمائندگی استادفریدایاز، ابومحمد اوربرادران کررہے ہیں،افتتاحی تقریب میں پاکستانی قوالوں نے شاندارکارگردگی کامظاہرہ کیا اور اپنے فن اورمہارت سے حاضرین وسامعین کومحظوظ کیا اوران کے دل جیت لئے۔
افتتاحی تقریب میں مصرمیں پاکستان کے سفیر ساجد بلال نے بھی شرکت کی۔ شرکاء میں مشرق وسطیٰ، اورجنوب مشرقی ایشیا سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے علاوہ مصرکی وزارت ثقافت کے اعلیٰ عہدیداروں اور قاہرہ میں مقیم غیرملکی سفارت کار بھی شامل تھے۔یہ فیسٹول ہرسال منعقد ہوتا ہے تاہم پاکستان چارسال کے وقفے کے بعداس میں شرکت کررہاہے۔
افتتاحی تقریب میں پاکستانی ثقافتی طائفے کی کارگردگی کو حاضرین نے سراہا اوراس کی بھرپورحوصلہ افزائی کی۔ یہ فیسٹول ایک ایسے موقع پرمنعقدہورہاہے جب پاکستان اورمصردونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منارہے ہیں۔