23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںمصری امدادی کارکنوں کی ایمانداری، بے ہوش شخص کے لاکھوں پونڈ لوٹا...

مصری امدادی کارکنوں کی ایمانداری، بے ہوش شخص کے لاکھوں پونڈ لوٹا دیے

- Advertisement -

قاہرہ۔19اپریل (اے پی پی):مصر کے علاقے المنیا میں طبی امدادی ٹیم کے اہلکار نے ایمانداری کا ثبوت دیتے ہوئے حادثے میں بے ہوش ہونے والے شخص کے 6.5 ملین مصری پونڈ ہوش میں آنے کے بعد اسے لوٹا دیے۔

عکاظ اخبار کے مطابق مصری ہلال الاحمر کے ریجنل آفس کے شعبہ ہنگامی امداد کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمرو رشید نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ حادثہ ایک ایسی شاہراہ پرہوا تھا جو الصعید کمشنری کو قاہرہ سے جوڑتی ہے۔ شاہراہ کی خستہ حالی کی وجہ سے وہاں اکثر ٹریفک حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ڈاکٹر رشید کا مزید کہنا تھا کہ امدادی ٹیم کے ارکان نے انہیں مطلع کیا تھا کہ حادثے میں 2 افراد ابوالحسن عبدالحمید اور نبیل محمود شدید زخمی ہیں جن میں سے ایک مکمل بے ہوش ہے جبکہ دوسرا بھی نیم بے ہوشی کی حالت میں ہے۔

- Advertisement -

کارکن کے بیان کے مطابق نیم بے ہوش شخص نے انہیں بتایا کہ گاڑی میں رکھا بیگ رقم اور زیورات سے بھرا ہوا ہے جو اس بے ہوش شخص کا ہے۔ کارکنوں نے بیگ کھولا تو اس میں لاکھوں کرنسی نوٹ اور زیوارت بھرے ہوئے تھے۔امدادی ٹیم نے زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا اور ان کے بیگ کو امانت گھر میں جمع کرا دیا گیا۔ بیگ سے برآمد ہونے والی رقم 26 لاکھ سے زائد تھی (تقریبا 50 ہزار ڈالر) جبکہ زیورات کی قیمت 40 لاکھ مصری پونڈ سے زائد (78 ہزار ڈالر سے زائد) تھی۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے برآمد ہونے والی رقم اور زیورات زخمی ہونے والے شخص کے رشتہ دار کو دے دیے۔

ایمانداری کے اس واقعے پر لوگوں کی جانب سے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے جبکہ مصری وزارت صحت کے سیکریٹری کی جانب سے بھی دونوں کارکنوں کو اعزازی شیلڈ اور تحائف دیے گئے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584372

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں