دبئی۔ 25 ستمبر (اے پی پی) متحدہ عرب امارات نے مصنوعی سیارے ”خلیفہ سیٹ” سے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر ریاض کے کنگڈم ٹاور کی خلا سے تصویر اتار کر سعودی عوام کو منفرد انداز سے قومی دن کی مبارکباد پیش کی ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے مصنوعی سیارے ”خلیفہ سیٹ” سے لی گئی تصویر کثیر الجہتی زاویوں سے عکس بند کی گئی ہے اور ریزولیوشن 70 سینٹی میٹر ہے۔اس سے قبل ”خلیفہ سیٹ” نے اسلامی سال کے آغاز پر یکم محرم الحرام کو مسجد نبوی کی تصویر لی تھی جبکہ عید الاضحیٰ کے پہلے دن مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کی تصویر بھی مصنوعی سیٹلائیٹ سے ہی لی گئی تھی۔ واضح رہے کہ خلیفہ سیٹ پہلا اماراتی سیٹلائٹ ہے جو مکمل طور پراماراتی انجینئروں کا تیار کردہ ہے۔اماراتی مصنوعی سیارے سے بھیجی جانے والی تصاویر وائرل ہونے کے بعد اسے دیکھنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ تصویر دیکھ کر یہ گمان کرنا مشکل ہے کہ تصویر کسی منصوعی سیارے سے بنائی گئی ہے۔ بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ تصویر مصنوعی سیارے سے نہیں بلکہ انتہائی حساس ڈرون کیمرے سے بنائی گئی ہے۔ماہرین کے مطابق مصنوعی سیارے سے اس سے بھی صاف اورعمدہ تصاویر لینا ممکن ہے۔ سیارے میں جو کیمرے نصب کیے جاتے ہیں ان کے لینز اس قدر حساس ہوتے ہیں کہ وہ ہزاروں میل دور سے بھی انتہائی عمدہ تصویر بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔