مظفرگڑھ۔ 18 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلع میں پائیدار قیام امن کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا،ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن و ممبر صوبائی اسمبلی محمد اجمل خان چانڈیہ، ڈی پی او رضوان احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ ، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ عرفان ہنجرا،اسسٹنٹ کمشنر جتوئی ساجد اقبال ،اسسٹنٹ کمشنر علی پور فیض فرید سمیت تمام مکاتب فکر کے جید علما ء و مشائخ نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا کہ ضلع مظفرگڑھ ایک پر امن ضلع ہے جس کا سہرا یہاں کی جید علما ءکے سر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے۔ضلع میں قیام امن ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ایم پی اے محمد اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ یہ ضلع ہمارا ہے اس میں امن قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، اپنے ارد گرد نظر رکھیں اور امن دشمن عناصر کو بے نقاب کریں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او سید حسنین حیدر نے کہا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی،ضلع میں قیام امن کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند اور دہشت گرد ہمارے امن کیلئے خطرہ ہیں، ہم نے اپنے صفوں میں نظر رکھنی ہے اور فتنہ پیدا کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنی ہے۔ وال چاکنگ کو فوری ختم کیا جائے، انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر ہر ممکن عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رضاکاروں کو تربیت دی جائے گی ، ا س موقع پر مولانا عبدالمعبود آزاد نے کہا کہ عاشورہ محرم کے ایام بڑے حساس دن ہیں ، ہم سب کو اپنا مثبت کردار اد اکرنا ہے
جہان کہیں بھی ہماری ضرورت ہوگی ہم حاضر ہیں۔ ہم تمام مجالس اور جلوسوں کے ساتھ ہونگے، ضلعی امن کمیٹی رواداری کا مظاہرہ کرے گی۔ اجلاس میں قاری عبدالغنی ثاقب، غضنفر عباس نقوی، اختر حسین بخاری،طارق شریف، جاوید اختر ملک سمیت دیگر علما کرام نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ملک،یہ شہر ہمارا ہے اس کی تعمیرو ترقی اور قیام امن ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے مدد سے ضلع کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ بعد ازاں مولانا عبدالمعبود آزاد نے ملک میں امن و سلامی اور ملکی کی حفاظت اور ترقی کیلئے دعا کرائی۔