مظفرگڑھ۔ 09 جون (اے پی پی):پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او مظفرگڑھ ڈاکٹر رضوان احمد خان نے کہا ہے کہ عیدالضحی کے موقع پر جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا تھا، ضلع مظفرگڑھ میں 596 اجتماعات میں نماز عیدالضحی کے لئے 1 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکاران اور لیڈی پولیس نے فرائض سر انجام دیئے،عیدالضحی کے موقع پر عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لئے ضلع بھر میں 9 گزٹیڈ افسران ،24 انسپکٹر ، 93 سب انسپکٹر ، 125 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز ، 115 ہیڈ کانسٹیبلان،701 کنسٹیبلان و لیڈی پولیس اور 05 ایلیٹ پولیس ٹیموں نے فرائض سرانجام دیئے
جبکہ علاقہ میں پولیس موبائلز بھی گشت کرتی رہیں، عید کے بڑے اجتماعات پر واک تھرو گیٹ بھی نصب کئے گئے تھے، جبکہ چیکنگ بذریعہ میٹل ڈٹیکٹر بھی ہوتی رہی۔اس کے علاوہ پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں ہر قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا تھا جہاں پر بائی نیم تعینات آفیسرز تین شفٹوں میں 24 گھنٹے عیدالضحی کی سکیورٹی کی مانیٹرنگ کرتے رہے،ضلع مظفرگڑھ کے داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ تفریحی مقامات اور اہم شاہرات پر بھی خصوصی ڈیوٹی لگائی گئی۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے ریزو ہائے بھی الرٹ موجود رہیں۔
چونکہ عید پر قبرستانوں میں لوگوں کا رش بڑھ جاتا ہے اس لئے ان مقامات پر بھی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے اور اسی طرح مارکیٹیں پر ہجوم پلازہ جات ، اہم چوک ، تفریحی پارکوں اور بکر منڈیوں کی سکیورٹی کو بھی نظر انداز نہیں کیا گیا۔