معاونِ خصوصی ذیشان عاشق ملک کا 6 محرم کے مرکزی جلوس کے رُوٹ کا دورہ

19

سرگودھا ۔ 02 جولائی (اے پی پی):معاونِ خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ذیشان عاشق ملک نے کمشنر سرگودھا ڈویژن ملک جہانزیب اعوان کے ہمراہ 6 محرم کے مرکزی جلوس کے رُوٹ کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا موقع پر جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا ۔

دورے کے دوران ان کے ہمرا ہ ریجنل پولیس آفیسر محمد شہزاد آصف خان ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمد صہیب اشرف اور پارلیمنٹرینز سردار عاصم شیر میکن، میاں اکرام الحق، ڈائریکٹر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی چوہدری عبدالرزاق ڈھلوں، پاک رینجرز کے نمائندگان، متعلقہ محکموں کے افسران اور ضلعی امن کمیٹیوں کے ارکان بھی تھے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر اُنہوں نے عزاداران سے ملاقات کی، ان سے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ عزاداران نے بہترین انتظامات پر ڈویڑنل اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ معاون خصوصی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے متحرک و مربوط انداز میں فرائض انجام دیں اور کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔