معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان بیت المال کے نئے سافٹ ویئر کا افتتاح کر دیا سافٹ ویئر سے ملک بھر کے کینسر، امراض قلب، گردہ، تھیلیسمیا اور دوسرے امراض میں مبتلا غریب مریضوں کا جلد از جلد علاج ممکن بنایا جا سکے گا ، ڈاکٹر ظفر مرزا

83

اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اے پی پی) جدت پسندی، شفافیت اور مؤثر انداز میں عوامی خدمت کو یقینی بناتے ہوئے پاکستان بیت المال نے ای گورننس کے میدان میں اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ پاکستان بیت المال میں ایسا سافٹ ویئر متعارف کرا دیا گیا ہے جس کی مدد سے ملک بھر کے کینسر، امراض قلب، گردہ، تھیلیسمیا اور دوسرے امراض میں مبتلا غریب مریضوں کا جلد از جلد علاج ممکن بنایا جا سکے گا۔ اس سافٹ ویئر کا افتتاح جمعرات کو پمز ہسپتال سے کیا گیا جس کے بعد یہ سہولت ملک کے دوسرے ہسپتالوں تک بھی پہنچائی جائے گی۔ سافٹ ویئر کا افتتاح وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی کے ہمراہ کیا جبکہ سی ای او نو وارٹس عمران بشیر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ہسپتال ڈاکٹرانصر مقصود بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے سافٹ ویئر کی تیار کو ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے ایم ڈی پاکستان بیت المال کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کی روشنی میں غربت کے خاتمہ اور نادار افراد کی مؤثر انداز میں خدمات کی بدولت پاکستان بیت المال حکومت کے احساس پروگرام کا ایک اہم ستون ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے کہا کہ آج کے جدید دور میں مربوط ڈیجیٹل نظام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہ نظام پاکستان بیت المال ہیڈ آفس، ضلعی و علاقائی دفاتر، ہسپتالوں اور درخواست گزاروں کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کا اہم ذریعہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان شفافیت کے ساتھ ملک کے نادار افراد کی فوری داد رسی کے قائل ہیں جس کیلئے یہ سافٹ ویئر اہم کردار ادا کرے گا۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال نے اس سافٹ ویئر کی تیاری کیلئے معاونت پر نوارٹس فارما کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس اقدام کی بدولت ملک بھر کے دور دراز علاقوں کے غریب مریضوں کی جلد از جلد دادرسی کے حدف کے حصول میں مدد ملے گی۔ سی ای او نووارٹس عمران بشیر نے سماجی تحفظ کے میدان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے مستقبل میں مزید باہمی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ہسپتال ڈاکٹر انصر مقصود نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا اس طریقہ کار سے بہت سے کینسر، امراض دل، گردہ اور دوسرے امراض میں مبتلا غریب مریضوں کا بروقت علاج ممکن ہو سکے گا۔