پشاور۔ 06 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیرنے پشاور میں شعبہ صنعت کے تحت نافذ العمل گودام ایکٹ کے حوالے سے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ایک اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں محکمہ صنعت کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری مجیب الرحمٰن،ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز شہاب نواز،محکمہ قانون و دیگر محکموں کے افسران کے علاؤہ،صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز فضل مقیم،صنعتکار اور سابق صدر سرحد چیمبر آف کامرس فواد اسحاق،انجمن تاجران کی جانب سے ملک مہر الٰہی اور تاجر برادری کے معتدد دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تاجروں اور صنعتی تنظیموں کے عہدیداروں نے گودام ایک کے حوالے سے اس کے استعمال میں بعض تحفظات سے فورم کو آگاہ کیا اور اس قانون میں مزید فصاحت اور وضاحت لانے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ترامیم کی گزارش کی۔انھوں نے اس حوالے سے گودام،کولڈ سٹوریج اور ویئر ہاؤسز کے تشریحات میں نمایاں تنوع واضح کرنے کی گزارش کی اور کہا کہ تاجر برادری کسی بھی قسم کے مفید قوانین کا احترام اورخیر مقدم کرتی ہے تاہم مذکورہ قانون میں مزید آسانیاں اور مثبت ترامیم کی ضرورت ہے تاکہ تاجر برادری اور کاروباری طبقوں کے خلاف اس کے ممکنہ غلط استعمال کا احتمال باقی نہ رہے۔ اجلاس میں محکمہ صنعت کے حکام نے بھی مذکورہ قانون کے حوالے سے اپنا موقف پیش کیا اور اس کی مختلف شقوں اور مندرجات کے حوالے سے تاجر برادری کو وضاحت کیساتھ تفصیلات فراہم کیں۔
اس موقع پر معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت کی یہ ترجیح ہے کہ صنعتی اور کاروباری حضرات کیلئے آسانیاں فراہم کی جائیں۔انھوں نے اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری صنعت مجیب الرحمٰن کی سربراہی میں صنعتی اور تاجر تنظیموں کے عہدیداروں،محکمہ قانون و دیگر سٹیک ہولڈرز اور اس شعبہ کے کسی بھی ماہر پر مبنی ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ اس قانون سے مماثل دیگر ممالک کے قوانین اور مسودات کا بغور جائزہ لیں اور اس ضمن میں اس ایکٹ میں مثبت ترامیم لانے کیلئے اپنا ہوم ورک کریں۔ انھوں نے اس معاملے کو سرعت کیساتھ آگے بڑھانے کیلئے آئندہ ہفتے کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد کی بھی ہدایت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593089