سرگودھا۔ 12 جون (اے پی پی):وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق خصوصی افراد کو معاشرے کا بااختیار اور فعال رکن بنانے کے سلسلے میں محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیراہتمام سرگودہا آرٹس کونسل میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں 93 مستحق معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے بطور مہمان خاص شرکت کی جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں رکن پنجاب اسمبلی میاں اکرام الحق، سابق پارلیمنٹرین حامد حمید، ڈائریکٹر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالرزاق ڈھلوں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) محمد ابو بکر ،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شاکرہ نورین، اور ڈپٹی ڈائریکٹر زیبا اندلیب شامل تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ تقریب کے اصل مہمانِ خصوصی یہ خصوصی بچے اور افراد ہیں جو ہماری بھرپور توجہ، شفقت اور سہولت کے حقدار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب فلاحی ریاست کے تصور کو عملی جامہ پہنا رہی ہے اور معذور افراد کے لیے خصوصی پروگرامز اسی وژن کا حصہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بھر سے معذور افراد کی 910 درخواستیں موصول ہوئیں، جن کی جانچ پڑتال کے بعد مرحلہ وار وہیل چیئرز، مصنوعی اعضا اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں 93 خصوصی افراد کو وہیل چیئرز دی گئیں۔ کمشنر سرگودہا نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان افراد کے لیے نہ صرف فلاحی سوچ رکھتی ہیں بلکہ عملی اقدامات میں بھی پیش پیش ہیں۔ "ہمت کارڈ” جیسے انقلابی منصوبے اس کی روشن مثال ہیں جس کے تحت معذور افراد کو ماہانہ 10,500 روپے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ ایسے افراد کو صرف مالی امداد نہیں بلکہ معاشرتی احترام، روزگار کے مواقع اور مکمل شمولیت دینا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ معاشرے کو بھی چاہیے کہ وہ ان افراد کے لیے ہمدردی کے بجائے برابری اور سپورٹ کا رویہ اپنائے تاکہ وہ عزتِ نفس کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ بعد ازاں کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان اور دیگر معزز مہمانوں نے وہیل چیئرز وصول کرنے والے افراد سے ملاقات کی ان کے سروں پر دستِ شفقت رکھا اور ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔