معروف گلوکارہ نازیہ حسن کی59 ویں سالگرہ منائی گئی

Nazia Hasan
Nazia Hasan

لاہور۔3اپریل (اے پی پی):معروف گلوکارہ نازیہ حسن کی 59 ویں سالگرہ بدھ کو منائی گئی ۔صدارتی ایوارڈ یافتہ نازیہ حسن 3اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ 1980 میں نازیہ حسن صرف 15برس کی عمر میں اس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں جب انہوں نے بھارت کے معروف فلم ساز فیروز خان کی فلم قربانی میں’’ آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے تو بات بن جائے‘‘ گایا ۔نازیہ حسن نے پی ٹی وی پر متعدد پروگرام اور ٹی وی کمرشلز میں بھی کام کیا۔

نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل کر پاکستانی موسیقی میں ایک نئی جہت روشناس کروائی۔ انہوں نے 80کی دہائی میں موسیقی میں مغربی انداز متعارف کروایا جسے پاکستانی نوجوان نسل کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک امریکا، بھارت،متحدہ عرب امارات،لاطینی امریکی ممالک سمیت دنیا بھر میں بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ اسی وجہ سے نازیہ حسن کو پاپ موسیقی کے بانیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

نازیہ حسن 13اگست2000 کو لندن کے ایک ہسپتال میں صرف 35برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔وہ کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھیں۔نازیہ حسن کو پرائیڈ آف پرفارمنس ،بیسٹ فی میل پلے بیک سنگر ایوارڈ،15گولڈ ڈسکس سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا۔