24.6 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومتازہ ترینمعصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا حساب لیں...

معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا حساب لیں گے، پاک فوج نے اپنے دفاع کے دوران بھارت کے ان فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستان پر حملے ہوئے ،ڈی جی آئی ایس پی آر

- Advertisement -

راولپنڈی ۔7مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ کم ظرف اور بزدل دشمن نے فوج کا مقابلہ کرنے کی بجائے نہتے شہریوں اور آبادی کو نشانہ بنایا، پاکستان کی غیور عوام کے ساتھ عہد کرتے ہیں کہ معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا حساب لیا جائے گا، پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے دفاع کے دوران بھارت کے ان فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستان پر حملے ہوئے ہیں، بھارت کے بزدلانہ حملے میں 31 شہری شہید 57 شہری زخمی ہوئے ہیں، غیر ملکی میڈیا کو ان تمام مقامات کا دورہ کرایا گیا جہاں پر بھارت نے حملے کیے، میڈیا نے خود دیکھا کہ یہاں پر کسی قسم کے دہشت گردی کے تربیتی کیمپ نہیں بلکہ مساجد تھیں جنہیں شہید کیا گیا۔

بدھ کی شام میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت کے گزشتہ شب شہری آبادی پر بزدلانہ اور افسوسناک حملے میں 31 معصوم شہری شہید اور 57 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بھارت کے اس بزدلانہ حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کرتی ہے، ہمارا دشمن اتنا کم ظرف اور بزدل ہے کہ اپنے سامنے مدمقابل فوج سے لڑنے کی بجائے رات کو چھپ کر معصوم شہریوں اور آبادیوں کو نشانہ بناتا ہے ۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ اس حملے میں کم عمر بچے بھی شہید ہوئے ہیں، ان معصوم بچوں نے ابھی زندگی کی بہاریں دیکھنی تھی کیا یہ ہیں وہ دہشت گرد جن کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کر رہا ہے جب پاکستان نے ان کے لئے زمین تنگ کرنی شروع کی تو بھارت خود اپنی فوج کے ساتھ دہشت گردی کی کارروائی پر اتر آیا، یہ دہشت گردی نہیں تو اور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ٹرانس نیشنل ٹیرررام اور کلنگ میں بھارت ملوث ہے،

یہ بات دنیا کے سامنے ثابت ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مختلف مقامات پر مساجد کو نشانہ بنایا، قرآن پاک شہید کیے گئے، بہاولپور اور مرید کے مساجد مکمل طور پر شہید ہوگئیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دنیا کا کون سا مذہب ہے جو کسی دوسرے کی عبادت گاہوں اور قرآن پاک کو شہید کرے۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ حملہ ہوا تو پاک فوج نے اپنے دفاع میں صرف بھارت کی فوجی تنصیبات کا چنائو کیا یہ وہ فوجی اہداف تھے جہاں پر پاکستان کی سرزمین اور شہریوں پر حملے کیے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب دشمن نے حملہ کیا تو پاکستان کی مسلح افواج نے اس کے جدید طیاروں کو دھول چٹائی، ہماری افواج نے دشمن کے پانچ طیارے مار گرائے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی حملوں کے علاوہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈریز پر سیز فائر لائن کی خلاف ورزی ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری افواج نے بھارتی فوج کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹر، یونٹ بٹالین ہیڈ کوارٹر، جنگل ون پوسٹ، جورا پوسٹ، دھرمسال، شاہ پور پوسٹ، چکوٹھی سیکٹر، لیپہ سیکٹر، بٹل سیکٹر، سانگھڑ پوسٹ، چیڑی کوٹ سیکٹر، نیزہ پیر سیکٹر پوسٹ، سرلیا پوسٹ سمیت ان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جہاں سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ افواج پاکستان نے بھارت کے 7 چھوٹے بڑے ڈرونز مار گرائے اور دو ڈرون قبضے میں لے لئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک ان تمام مصروفیات میں پاک فوج کا کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی پاک فضائیہ کے کسی طیارے کو نقصان پہنچا، یہ حملہ بھارت نے اس وقت کیا جب پاکستان بین الاقوامی میڈیا کو انہی مقامات پر حقائق دکھانے کے لئے لیکر جانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا جن کے بارے میں بھارت دہشت گردوں کے تربیتی کیمپس کا کہہ رہا تھا، 6 اور 7 مئی کی رات انہی مقامات پر بھارت نے حملے کیے۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کو غیر ملکی میڈیا کو بہاولپور اور مریدکے لیکر جانا تھا انہیں دکھانا تھا کہ ان جگہوں پر کسی قسم سے دہشت گردی نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان نے 150سے زائد ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کو بہاولپور، مریدکے، کوٹلی اور مظفر آباد کا دورہ کرایا،

تمام خیالی تربیتی کیمپس اور دہشت گردوں کی خالی آماجگاہوں کی عکس بندی کی ہے، دنیا میڈیا کے ذریعے دیکھ رہی ہے اور خود فیصلہ کر رہی ہے کہ کیا وہاں دہشت گرد تھے یا مساجد تھیں ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات عالمی اور مقامی پروازوں کے لئے بھی خطرہ تھا اس وقت 57 پروازیں فضاء میں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈل پاور پراجیکٹ پر بھی میزائل داغے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں طے پایا کہ اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت پاکستان نے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے مسلح افواج کو مناسب وقت، جگہ اور فیصلے کا اختیار دیدیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ قوم، افواج پاکستان پر اور افواج کو اپنی بہادر قوم پر فخر ہے، دونوں بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہے، ہماری امن کو خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے افواج پاکستان کی جانب سے پوری قوم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ کس طرح بھارتی جارحیت پر یکجا ہو کر بولی اور افواج کے ساتھ کندھے کے ساتھ کندھا ملا کر ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی غیور عوام ، افواج یہ باور کرنا چاہتی ہے کہ معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا حساب لیا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594203

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں