کوئٹہ۔ 02 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نےبدھ کواسسٹنٹ کمشنر (صدر) کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول جناح ٹاؤن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک نجی بینک کے تعاون سے قائم کی گئی جدید کمپیوٹر لیب کا بھی افتتاح کیا۔اسکول پہنچنے پر پرنسپل نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور اسکول کی مجموعی کارکردگی، تعلیمی معیار اور سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے اسکول کے تمام کلاس رومز، ریکارڈ روم اور دیگر اہم شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر کو اسکول اسٹاف کو درپیش مسائل اور دیگر انتظامی امور سے بھی آگاہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اسکولوں کو درپیش مسائل کا حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے اساتذہ و انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ طالبات کی بہتر تعلیم و تربیت کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔