اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے ٹریفک حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولی کلینک ہسپتال پہنچیں، مریم اورنگزیب جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے گھر بھی گئیں اور ان سے مفتی عبدالشکور کے انتقال پر اظہار تعزیت کی۔ ہفتہ کی شام وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک حادثے میں انتقال کرگئے اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب پولی کلینک ہسپتال پہنچ گئیں۔
ہفتہ کو پولی کلینک ہسپتال کے باہروفاقی وزیر مولانا اسعد محمود اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مفتی عبدالشکور دین سے انتہائی محبت رکھنے اور بھلائی پھیلانے والے انسان تھے وہ ایک عالم ہونے کے ساتھ ساتھ آئین وجمہوریت کے بڑے حامی تھے، ان کی وفات بڑا صدمہ ہے انہوں نےکہاکہ دین، آئین، جمہوریت اورعوام کے لئے ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا،
آج جو حادثہ پیش آیا ہے اس صدمہ کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا ، یہ پوری قوم کا نقصان ہے ،مفتی عبدلشکور کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا مفتی عبدالشکور کو پیش آئے المناک حادثے کو بیان کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں ، مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم سب کو چاہیئے کہ مل کر مولانا عبدالشکور اور ان کے اہل خانہ کیلئے دعا کریں ،
مریم اورنگزیب نے دعا کی کہ اللہ رب العزت ان کوکروٹ کروٹ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے ۔ بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر گئیں اور ان سے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے انتقال پر اظہار تعزیت کی۔ ان کی مغفرت اور بلند درجات کے لئےدعاکی۔