مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات نے خطے کے امن کو شدید خطرات سے دو چار کر دیا ہے، شاہ محمود قریشی

62

اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میںکیریبیئن ملک سینٹ ونسینٹ اینڈ گرینیڈائس کے نائب وزیر اعظم، وزیر برائے صنعت و تجارت و خارجہ امور لوئیس ہلٹن َسٹراکر سے ملاقات کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔پیر کو یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے لئے کیریبیئن ملک سینٹ ونسینٹ اینڈ گرینیڈائس کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل ممبر کے طور پر اقوام متحدہ میں موجودگی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر، مسئلہ فلسطین کی طرح گذشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے کئے گئے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات نے خطے کے امن و امان کو شدید خطرات سے دو چار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بسنے والے لاکھوں معصوم انسانوں کو بدترین کرفیو اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔