ملائیشیا میں پاکستانی ہائی کمشنر احسن رضا شاہ نے ملائیشیا کے بادشاہ یانگ دی پرتوان اگونگ کو سفارتی اسناد پیش کر دیں

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):ملائیشیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر احسن رضا شاہ نے ملائیشیا کے بادشاہ یانگ دی پرتوان اگونگ کو سفارتی اسناد پیش کیں۔ جمعرات کو کوالالمپور کے قومی محل استانہ نیگارا میں اسناد پیش کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔اس موقع پر ہائی کمشنر احسن رضا شاہ نے ملائیشیا کے بادشاہ کو صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا۔

انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ ملائیشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر زیمبری عبدالقادر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ کوالالمپور میں تعینات ہونے سے قبل احسن رضا شاہ قطر میں پاکستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری (افغانستان اور مغربی ایشیا) کے عہدے پر فائز تھے۔