ملتان۔ 03 جنوری (اے پی پی):مظفرآباد کے علاقے پل جھکڑی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب ملزم محمد دانیال عرف چیتا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔
گزشتہ رات 12 بجے کے قریب پولیس تھانہ مظفرآباد کو اطلاع موصول ہوئی کہ پل مظفرآباد کے قریب تین نامعلوم مسلح ڈاکوراہگیر سے موٹر سائیکل چھین کر قاسم بیلہ سکندری نالہ کی جانب فرار ہو گئے ہیں۔وقوعہ کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ مظفرآباد اسلم مسیح نے سب انسپکٹر کاشف اشرف اوردیگر ٹیم کے ہمراہ پل جھکڑی سکندری مائنز پر ناکہ بندی کی۔ اسی دوران پل مظفرآباد کی جانب سے ایک مشکوک موٹر سائیکل دیکھائی دیا جس پر تین افراد سوار تھے پولیس کے روکنے پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ملزمان موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گئے جبکہ ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا ۔زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت محمد دانیال عرف چیتاسے ہوئی۔ملزم ڈکیتی، رابری سمیت متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا ۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے ۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے راہگیر سے چھینا گیا موٹر سائیکل اور پستول 30 بور قبضہ میں لے کر مقدمہ درج کر لیا۔