ملتان ریجن پولیس میں یکساں احتسابی عمل کا تسلسل جا ری ہے،آر پی او

95

ملتان۔ 10 مئی (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے کہا ہے کہ ملتان ریجن پولیس میں یکساں احتسابی عمل کا تسلسل جاری ہے،پولیس رولز کے مطابق پولیس افسران و اہلکاروں کی جزا و سزا کا تعین کیا جاتا ہے،احتسابی عمل سے پولیس فورس میں شفافیت کے فروغ کیساتھ افسران و جوانوں کا مورال بھی بلند ہوا ہے۔ترجمان ملتان پولیس کے مطابق ہفتہ کے روز آر پی او ملتان نے یہاں اپنے دفتر میں قائم اردل روم میں پولیس افسران و اہلکاروں کو دی گئی سزاوں کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کی۔آر پی او نے برخاست سب انسپکٹر محمد اصغر کو مشروط بحال کر کے ایک سال انکریمنٹ سٹاپ میں تبدیل، برخاست سب انسپکٹر محمد عثمان کو الزام ثابت نہ ہونے پر بحال

اسسٹنٹ سب انسپکٹر طارق محمود کی اپیل تنزلی عہدہ ہیڈ کانسٹیبل کو اس کو اصل عہدے پر بحال کر کے روکے جانے انکریمنٹ کو دوسال میں تبدیل کر دیا۔آر پی او نے برخاست اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اشفاق کو بحال جبکہ برخاست ہیڈ کانسٹیبل نزیر جاوید کی اپیل الزام ثابت ہونے پر مسترد،برخاست کانسٹیبلز عبد الرحمان ، اسد صدیق ، محمد ندیم ، محمد سلیم ، عامر شہزاد اور شعیب افضل کی اپیلیں الزام ثابت ہونے پر مسترد کر دیں اور کانسٹیبل محمد کاشف کو بحال کر کے اس کو تنزلی تنخواہ ایک درجہ میں تبدیل کر دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آر پی او نے کہا کہ محکمہ پولیس میں احتسابی عمل بہت سخت و تیز ہے اور میرٹ و پولیس رولز کے مطابق فیصلے کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران و اہلکارمیرٹ پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں،فرائض منصبی ایمانداری اور دیانتداری سے سر انجام دیں۔