ملتان۔ 14 اپریل (اے پی پی):ملتان پولیس نے اندھے قتل کی واردات کا سراغ لگاتے ہوئے باپ کے قتل میں ملوث بیٹے علی حسن سمیت 3 ملزمان گرفتارکر لئے ۔تھانہ راجہ رام کے علاقے چک سردار پور میں بشیر احمد کے اندھے قتل کا معمہ نہایت پیشہ ورانہ انداز میں حل کر کے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا۔قاتل بیٹے کی معاونت اس کے بھائی اور مقتول کی بیوی نے کی ۔
چند روز قبل 21 مارچ 2025 کو رات کے پچھلے پہر پولیس کو اطلاع ملی کہ چک سردار پور میں بشیر احمد کو اس کے گھر میں سوتے ہوئے نامعلوم شخص نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرکل شجاع آباد ضیاء اللہ کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ راجہ رام باسط ملک اور ان کی ٹیم موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔
کرائم سین سے حاصل ہونے والے ثبوت اور دیگر فرانزک شواہد کی مدد سے پولیس نے تفتیش کو آگے بڑھایا تو ملزمان کا سراغ ملا۔ مقتول کے بیٹے علی حسن کی معاونت اس کے بھائی احمد حسن اور والدہ شمشاد بی بی نے کی۔تفتیش سے معلوم ہوا کہ مقتول بشیر احمد نے تین شادیاں کر رکھی تھیں اور وہ اپنی تیسری بیوی کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔ جائیداد کے تنازعے کے باعث گھر میں اختلافات شدت اختیار کر گئے، جس پر بیٹے نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنے باپ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
مرکزی ملزم علی حسن ولد اللّٰہ دتہ، اس کا بھائی احمد حسن اور ان کی والدہ شمشاد بی بی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کے خلاف مقدمہ نمبر 220/25 بجرم 302 تعزیرات پاکستان درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔