16 C
Islamabad
جمعرات, مارچ 6, 2025
ہومقومی خبریںملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ کے ہیلتھ انٹرن شپ پروگرام 2025 کی...

ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ کے ہیلتھ انٹرن شپ پروگرام 2025 کی کامیاب تکمیل

- Advertisement -

راولپنڈی ۔6مارچ (اے پی پی):ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس(ایم ایل سی) میں دوسرا انٹرن شپ پروگرام کامیابی سےمکمل کرلیا گیا ہے جو کہ صحت کے شعبے پر مرکوز تھا۔ یہ اقدام ڈائریکٹر جنرل ایم ایل اینڈ سی میجر جنرل عرفان احمد ملک(ہلال امتیاز ملٹری) کی ہدایات کے تحت شروع کیا گیاجس کا مقصد نئے ذہنوں کو حکومتی اداروں کے عملی کاموں سے روشناس کروانا اور نظام میں نئی سوچ کا انضمام کرنا تھا۔ اس اہم موقع پر سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل محمد علی(ہلال امتیاز ملٹری) بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے، جس سے اس پروگرام کی اہمیت مزید اجاگر ہوئی۔

ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت اور ادارہ جاتی ترقی کے عزم کو مسلسل فروغ دے رہا ہے۔یہ سات روزہ انٹرن شپ ایک جامع اور عملی تجربہ تھا، جس میں شرکاء کو مختلف طبی اداروں کے دورے کروائے گئے۔ ان اداروں میں اے ایف آئی آر ایم(آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبیلی ٹیشن میڈیسن)، اے ایف آئی آر ایم ایچ (آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ)، اے ایف آئی ڈی(آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹسٹری)، اور اے ایف آئی پی (آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف پیتھالوجی) شامل تھے۔

- Advertisement -

اس کے علاوہ، انٹرنز نے جدید ترین طبی سہولتوں سے آراستہ چکلالہ کنٹونمنٹ میڈیکل سینٹ اور کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال راولپنڈی سمیت مختلف ڈسپنسریوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی خدمات، مریضوں کی دیکھ بھال، اور انتظامی امور کو قریب سے دیکھا۔

اس براہِ راست مشاہدے نے نہ صرف ان کے طبی فہم کو وسعت دی بلکہ انہیں ایک غیر جانبدار نقطہ نظر سے بہتری کے پہلوؤں کو جانچنے کا موقع بھی دیا۔اس انٹرن شپ کا ایک نمایاں پہلو شرکاء کی جانب سے دی گئی قیمتی تجاویز اور سفارشات تھیں، جو کہ ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک کارآمد وسیلہ ثابت ہوں گی۔

انٹرنز کی نئی سوچ اور تخلیقی نظریات اس پروگرام کے بنیادی مقصد کی عکاسی کرتے ہیں یعنی تجربہ کار ماہرین کے علم اور نوجوان نسل کی تازہ سوچ کے درمیان ایک پُل قائم کرنا۔یہ انٹرن شپ پروگرام ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ کی سرپرستی، ادارہ جاتی ترقی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کے عزم کا مظہر ہے۔ یہ اقدام ہونہار اور باصلاحیت نوجوانوں کے لیے سیکھنے اور عملی تجربہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ، ادارے کی استعداد کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔

ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ نہ صرف اپنے نظام کو جدید طور پر استوار کر رہا ہے بلکہ پاکستان میں نظام اور عوامی خدمت کے مستقبل کو بھی ایک مضبوط اور پائیدار بنیاد فراہم کر رہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569380

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں