اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):تھینک ٹینک کیپیٹل کالنگ نے دعوی کیا ہے کہ ملٹی نیشنل کمپنیاں فیڈرل ایکسائز قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہیں، قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے کم قیمت سگریٹ پروڈکٹ متعارف کرائے گئے ہیں جس کا مقصد سگریٹ کی فروخت میں اضافہ کرنا ہےجو انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔
تمباکو نوشی کے خلاف کام کرنے والے ملک عمران نے کہا کہ فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 میں کہا گیا ہے کہ سگریٹ کا کوئی بھی مینوفیکچرر یا درآمد کنندہ ایک ہی برانڈ فیملی میں سگریٹ کا نیا برانڈ ورژن ایک ہی برانڈ فیملی کے موجودہ ورژن کی کم ترین اصل قیمت سے کم قیمت پر متعارف یا فروخت نہیں کرسکتا،یہ دیکھا گیا ہے کہ برٹش امریکن ٹوبیکو کے ملٹی نیشنل ماتحت ادارے پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے164 روپے کی قیمت پر ایک نئی پروڈکٹ کیپستان انٹرنیشنل متعارف کرائی ہے، موجودہ برانڈ پال مال کی جانب سے کیپستان کے نام سے ہے جو 212 روپے میں فروخت ہوتا ہے۔
ٹوبیکو فری کڈز سے تعلق رکھنے والے ملک عمران نے کہا کہ کسی بھی کمپنی کو فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 میں حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت سے کم قیمت پر کوئی مصنوعات فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہے، اسی طرح ایک اور ملٹی نیشنل کمپنی فلپ مورس انٹرنیشنل نہ صرف قانون کے تحت عائد مذکورہ پابندی کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے بلکہ ایک اور پابندی کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سیریل نمبر 9 اور 10 کے مقابلے میں کالم 4 میں بیان کردہ شرحوں پر ڈیوٹی کی وصولی اور ادائیگی کے مقصد سے کوئی بھی سگریٹ مینوفیکچرر تازہ ترین بجٹ کے اعلان کے دن اپنائی گئی سطح سے ریٹیل قیمت کو کم نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلپ مورس انٹرنیشنل سے تعلق رکھنے والا مارلبورو برانڈ سیریل نمبر 9 میں آتا ہے تاہم انہوں نے سیریل نمبر 10 جس پر کم ٹیکس لیوی عائد ہوتی ہے میں کرافٹڈ بائی مارلبورو متعارف کرایا ہے، یہ قانون کے تحت خاص طور پر ممنوع ہے اور قانون کو نظر انداز کرنے کے لئے فرضی لیبل استعمال کرنے کی کوئی بھی کوشش پاکستان کے قوانین کی براہ راست خلاف ورزی ہے ، جس کا مقصد تمباکو نوشی کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔
ٹیکسوں میں اضافے کا اصول سگریٹ کو مزید مہنگا کرنا ہے جبکہ یہ دونوں ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستانی قوانین کے غلط استعمال کے نئے طریقے تلاش کر رہی ہیں۔ آئی آئی یو آئی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر حسن شہزاد نے کہا کہ بظاہر یہ اقدامات تمباکو کنٹرول سے متعلق ڈبلیو ایچ او کے فریم ورک کنونشن کے منافی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=440509