ملکی برآمدات میں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24.48 فیصد جبکہ درآمدات میں 59.33 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے،پاکستان بیورو برائے شماریات

Pakistan Bureau of Statistics
Pakistan Bureau of Statistics

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):ملکی برآمدات میں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24.48 فیصد جبکہ درآمدات میں 59.33 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے، مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں تجارتی خسارے میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 92.45 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیا گیاہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر جنوری تک کی مدت میں ملکی برآمدات کا حجم 17.744 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24.48فیصد زیادہ ہے۔ پاکستانی کرنسی کے حساب سے جاری مالی سال کی پہلے 7 ماہ میں ملکی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 30.19 فیصد کی نمور ریکارڈ کی گئی ہے۔

جنوری 2022 میں ملکی برآمدات کا حجم 2.618 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 2.05فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں ملکی برآمدات کاحجم 2.145 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ملکی درآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 59.33 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

جولائی سے لے کر جنوری 2022 تک کی مدت میں ملکی درآمدات کا حجم 44.61 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں درآمدات کا حجم 29.25 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جنوری میں ملکی درآمدات کا حجم 6.053 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 26.03 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں پاکستانی برآمدات کا حجم 4.803 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیاتھا۔

پاکستانی کرنسی کے حساب سے جنوری میں درآمدات میں گزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 38.74 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی بی ایس کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں تجارتی خسارہ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 92.45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔

مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں تجارتی خسارہ 28.87ارب ریکارڈ کیاگیا ۔گزشتہ مالی سا ل کی اسی مدت میں تجارتی خسارے کا حجم 15 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جنوری میں تجارتی خسارے کا حجم 3.43 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 29.23 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں تجارتی خسارے کاحجم 2.658 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔