28.8 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 3, 2025
ہومقومی خبریںملکی حالات اس وقت انتخابات کے متحمل نہیں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے...

ملکی حالات اس وقت انتخابات کے متحمل نہیں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے،علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی

- Advertisement -

لاہور۔19فروری (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماکونسل و نمائدہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ملکی حالات اس وقت انتخابات کے متحمل نہیں ہیں، پاکستان کے استحکام کیلئے سب کو ایک ہونا ہو گا، آئین اور قانون کی بالادستی میں ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل چھپا ہے، ملک دشمن بیرونی طاقتیں دفاعی و سیکورٹی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہی ہیں ، تمام سیاسی جماعتیں مل کر بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں، سیاسی و مذہبی قیادت مشاورت سے میثاق پاکستان دے،

میثاق پاکستان کے ذریعے آئندہ پچیس سال کی حکمت عملی طے کی جائے، علما معاشرے میں عدم برداشت کے رجحان کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں، عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت امن و استحکام کیلئے بات چیت کا حصہ بنیں ، ملک کی بہتری کیلئے تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں اپنا اپنا رول ادا کریں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

- Advertisement -

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اپیل کرتے ہیں کہ آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے اور عمران خان سے اپیل ہے کہ ملکی مفاد کیلئے اے پی سی میں شریک ہوں۔انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کو اے پی سی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے،اگر سیاسی و مذہبی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر نہیں بیٹھیں گی تو امن و امان کی فضا قائم نہیں ہو سکتی ۔

ان کا کہنا تھا کہ اب میثاق پاکستان دینا ہوگا، پچیس سالوں پر مبنی معاشی، خارجہ و داخلہ پالیسی طے کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی و دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی ایکشن پلان موجود ہے اس پر مکمل عملدرآمد کیاجائے، پاکستان دشمن قوتوں نے پلاننگ کرکے ملکی سلامتی اداروں و افواج پاکستان کے خلاف مہم شروع کررکھی ہے، پاکستان سے باہر قوتیں بیٹھی ہیں جو سلامتی کے اداروں ا ور قوم میں تقسیم چاہتی ہیں، ماضی میں بھی مہم چلائی گئی مگر پہلے نہ آئندہ ایسی سازشیں کامیاب ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات کا بہت شور ہے علما کونسل براہ راست انتخابات میں شرکت نہیں کریں گے ،نظریات کے قریب شخصیات کو ووٹ دیں گے کیونکہ کروڑوں روپے الیکشن لڑنے کیلئے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھاکیا جائے،پارلیمنٹ سے انتخابی اصلاحات منظور کروائی جائیں تاکہ جیتنے والوں کو ہارنے والا تسلیم کرے، اگر آج الیکشن کروائے گئے تو ہارنے والا جیتنے والے کو تسلیم نہیں کرے گا ،اس کا واحدحل مذاکرات ہے ۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پر عمران خان محمد نوازشریف کے ساتھ بیٹھے تھے اگر کراچی میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ دہشت گردی ہوئی اس معاملے پر کیوں نہیں سب بیٹھ سکتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل کی سالانہ کانفرنس 28مارچ کو اسلام آباد میں ہوگی جس میں بیرون ممالک کے علما کرام ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ تاجروں سے اپیل ہے کہ منافع کم کرکے عوام کیلئے آسانی پیدا کریں، ذخیرہ اندوزی اسلام میں حرام ہے، مجسٹریٹ قیمتوں کو کم کروانے کیلئے بھرپور اقدامات کریں ،تاجر خود آگے بڑھ کر سستے بازار لگائیں تاکہ عام آدمی مہنگائی کے دور میں روزہ رکھ سکے جس کا ثواب تاجروں کو بھی ملے گا۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں لاکھوں بیٹیاں جہیز کی وجہ سے گھر بیٹھی ہیں، طلاق کے بڑھتے واقعات پر عدالتوں میں جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی، دہشت گردی، فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے ہر جماعت سے بات کریں گے ۔طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہمارے دو برادر اسلامی ممالک ترکیہ و شام اس وقت سخت امتحان سے گزر رہے ہیں،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ترکیہ جاکر ان کے زخموں پر مرہم رکھنا قابل تحسین عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نئی آبادیاں بنا رہا ہے جس کی عالم اسلام مذمت کررہا ہے، کشمیر و فلسطین سے مسلسل خون بہہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود احتسابی کریں اور ساتھیوں پر نظر دوڑائیں جن کے رویے اقدار سے گرے ہوئے ہیں،اس وقت قوم کو حوصلہ دینے کی ضرورت ہے گرانے کی نہیں، جب تک سیاستدان ایک ٹیبل پر نہیں بیٹھیں گے تو انتخابات نہیں ہوں گے،کراچی پولیس آفس پر حملے میں فیصل آباد کے رہائشی اجمل مسیح نے ملک کیلئے جو قربانی دی اسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب واقعہ پر لوگوں کا خود ہی قاضی اور خود ہی جلاد بن جانا انتہائی قابل مذمت ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=352107

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں