اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی ترقی اور استحکام میں سمندر پار پاکستانیوں کی شراکت داری ناگزیر ہے ،اوورسیز پاکستانیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ وہ جمعہ کو چیئر مین اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن سید قمر رضا سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،اوورسیز پاکستانیز کے مسائل سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔صدر ایف پی سی سی آئی نے گزشتہ ہفتے اوورسیز کنونشن کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین او پی ایف کو مبارکباد پیش کی ۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی اور استحکام میں سمندر پار پاکستانیوں کی شراکت داری ناگزیر ہے ، اوورسیز پاکستانیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے ، سمندر پار پاکستانیوں کے مقدمات کیلئے خصوصی عدالتوں کا قیام خوش آئند ہے ۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے وزیر اعظم کی طرف سے اوورسیز پاکستانیز کیلئے اعلان کردہ پیکیج کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مارچ میں سمندرپار پاکستانیوں نے 4.1 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات بھیجیں۔ چیئر مین اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن سید قمر رضا نے اس موقع پر کہا کہ سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے او پی ایف اور ایف پی سی سی آئی میں تعاو ن بڑھایا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591493