28.2 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومقومی خبریںملکی مفادات کیلئے کسی صورت اپنی انا کو آڑے نہیں آنے دینا...

ملکی مفادات کیلئے کسی صورت اپنی انا کو آڑے نہیں آنے دینا چاہئے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالہ سے اجلاس سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملکی سلامتی یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں، ملکی مفادات کیلئے کسی صورت اپنی انا کو آڑے نہیں آنے دینا چاہئے، معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، ملک کیلئے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط ماننے پر مجبور ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالہ سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا گیا تھا، نواز شریف کے دور میں نیشنل ایکشن پلان پر تمام اتحادیوں کو متحد کیا گیا، سانحہ پشاور کے بعد کراچی میں بھی دہشت گردی کا واقعہ ہوا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پشاور کے اندوہناک سانحہ کے بعد ایپکس کمیٹی کا یہ دوسرا اجلاس ہے، اس اجلاس میں سب کو شرکت کی دعوت دی لیکن اس کے باوجود ایک سیاسی جماعت نے مناسب نہ سمجھا کہ وہ اجلاس میں شریک ہو، آج بھی ان کی خواہش ہے کہ معاملات سڑکوں پر حل ہوں، ملکی مفادات کیلئے کسی صورت انا کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا، انا ملکی مفاد پر کسی صورت مقدم نہیں ہو سکتی، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ذاتی انا کو بالائے طاق رکھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی مسائل کا سامنا ہے، امید ہے کہ آئی ایم ایف سے جلد معاملات طے پا جائیں گے، ملک کیلئے ان کی کڑی شرائط ماننے پر مجبور ہوتے ہیں، سیاسی اتحادیوں نے ریاست بچانے کیلئے اپنی سیاست دائو پر لگائی ہے، ہم ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے خلوص سے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیکٹا نیشنل ایکشن پلان کے تحت قائم کیا گیا، ریاست پاکستان سب سے پہلے ہے باقی سب بعد میں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے دوست ممالک نے مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا، آئی ایم ایف سے معاہدہ کے بعد دوست ممالک مدد کریں گے، پاکستان کیلئے ان کی شراکت داری بھلائی نہیں جا سکتی۔ شہباز شریف نے کہا کہ انسان اخلاص کے ساتھ کوشش کرتا ہے، اگر گھر کے حالات خود درست نہیں کریں گے تو کوئی مدد کو نہیں آئے گا، اسی لئے حکومت نے کفایت شعاری کا آغاز کیا ہے، سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے، جتنی جلد اس معاملے کی نزاکت سمجھ لیں گے اتنی آنے والی نسلوں کی بہتری ہو گی، اجتماعی سوچ اور کوششوں سے ملک کو مشکل صورتحال سے نکالا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں سیاسی رہنما، فوجی و سول حکام شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا تھا، امن و سکون قائم ہو گیا تھا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں سمیت پوری قوم نے 83 ہزار افراد کی جانوں کی قربانی دی جو پوری دنیا میں امن کیلئے اہم ہے، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے، معاشی ٹائیگر بنانے، غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے ہمیں تمام سیاسی اختلافات کو بھلا کر اجتماعی کاوشیں کرنے اور توانائیاں صرف کرنے کی ضرورت ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=352952

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں