24.9 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںملک بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے آپریشن ''بنیان...

ملک بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے آپریشن ”بنیان مرصوص” کی شاندار کامیابی پر یوم تشکر، دعائیہ تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد

- Advertisement -

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وزیر اعظم کے اعلان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے آپریشن بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی پر اتوار کو یوم تشکر بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، مختلف تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد ہوا جن میں افواج پاکستان کے بہادر افسران اور جوانوں کو سلام پیش کیا گیا جبکہ مساجد میں شکرانے کے نوافل کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی ، ترقی ، خوشحالی اور افواج پاکستان کی کامرانیوں اور شہدا کے بلندی درجات کے لئے دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا، اقلیتی برادری نے بھی اپنے عقائد کے مطابق خصوصی عبادات اور دعائوں کا اہتمام کیا۔

سیاسی و سماجی شخصیات ، تاجر وکلا ، طلبا ، مذہبی تنطیموں اور مزدور یونینزکے قائدین اور محنت کشون اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان تقریبات میں شرکت کی اور افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا-وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں اظہار تشکر کے موقع پر ایک عظیم الشان تقریب ہوئی جس سے وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، نائب صدر انجم عقیل خان، اور دیگر قائدین نے خطاب کیا اورافواج پاکستان کی کامیابی کو عالم اسلام کی کامیابی قرار دیا۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر امور کشمیر نے مسلم لیگ ن کی صوبائی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور افواج پاکستان کی شاندار فتح پر قوم کو مبارکباد دی۔ وفاقی پولیس نے ریلی کا اہتمام کیا اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اسلام آباد کے علاوہ ملک بھر کے چھوٹی بڑے شہرون اور دیہات میں بھی اظہار تشکر کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ علمائے کرام نے مساجد میں خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا اورملک اور قوم کی سلامتی ترقی اور خوشحالی اور افواج پاکستان کی حفاظت فتح کے لئے دعائیں مانگی گئیں، نوجوان بچوں اور بزرگوں نے ان تقریبات مین شرکت کی اور دہشت گردی کے خاتمہ اور وطن عزیزکے دفاع کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے جوانوں اور افسران کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے بلندی درجات کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔ افواج پاکستان کی حالیہ کامیابی پر اظہار تشکرکے موقع پرافواج پاکستان کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔

بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی کے بعد یوم تشکر کے موقع پر شکرانے کئے گئے اور کہا گیا کہ دشمن کو ہر محاذ پر ناکام کرنے پر ہم اللہ تعالی کا شکر بجا لاتے ہیں اور اپنی جری افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جنہوں نے دشمن کو دھول چٹائی جسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی اپیل پر یوم تشکر مناتے ہوئے شکرانہ کے نوافل ادا کئے گئے اور افواج پاکستان کی شاندار فتح پر رب ذوالجلال کا شکر ادا کیا گیا، ملکی سلامتی اور عافیت کے لیے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔کراچی، لاہور، پشاور ،کوئٹہ، سمیت ملک بھر کے تمام شہریوں میں پاکستانی عوام نے پاکستان کی تاریخی فتح کا بھرپور جشن منایا اور پرجوش انداز میں ”پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگائے۔

اس عظیم کامیابی پر بھرپور مسرت اور ملی یکجہتی کا اظہارکیا گیا۔ہر طرف پاکستانی پرچم لہرائے گئے اور حب الوطنی کے نعرے گونجتے سنائی دیئے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری قوم اپنی فتح پر کس قدر متحد اور پرجوش ہے۔آپریشن ”بنیان المرصوص” میں بھارتی جارحیت کا تاریخی اور منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو سلام اور شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ریلیاں نکالی گئیں ۔ ملک کے ہر شہر اور گلی میں افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلیوں میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ لوگوں نے اپنے بہادر جوانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ ریلیوں کے شرکا نے اس شاندار فتح پر اللہ تعالی کی ذات کا شکر ادا کیا ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595799

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں