22.1 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںملک بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز 21 اپریل...

ملک بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز 21 اپریل سے ہو گا

- Advertisement -

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):پولیو سے پاک پاکستان کے لیے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ملک بھر میںسات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز 21 اپریل سے ہو گا ، جس کا مقصد پولیو کے خاتمہ کی کوششوں کے تحت ملک بھر میں ہر ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلانا ہے۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ہفتہ کوانٹرویو میں کہا کہ ملک گیر اقدام کا مقصد بچوں کو اس بیماری سے بچانے کےلئے انسداد پولیو کے قطرے پلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکن پولیو کی منتقلی کو روکنے اور بچوں کے صحت مند مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ایک مشترکہ کوشش کے تحت ملک بھر میں بچوں کو قطرے پلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو وائرس کے خلاف تحفظ کو بڑھانے کے لیے بار بار پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کی ضرورت ہے۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر صحت نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم پولیو کے خلاف اپنی جنگ میں پرعزم ہیں اور یہ مہم ہمارے بچوں کے مستقبل کے تحفظ اور پولیو سے پاک ملک کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز ملک بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے 45 ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم والدین سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ہر مہم کے دوران پولیو کے قطرے پلانے اور مکمل حفاظتی ٹیکوں کو یقینی بناتے ہوئے اپنے بچوں کی صحت کو ترجیح دیں، اس طرح بچے پولیو اور دیگر جان لیوا بیماریوں سے محفوظ رہیں گے۔

انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کے تحفظ کے لیے ہر پولیو مہم کے دوران انہیں ویکسینیشن مراکز پر لا کر فعال اقدامات کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچوں کو ہر بار لازمی قطرے پلائے جائیں تاکہ بچے پولیو اور دیگر ویکسین سے بیماریوں کے اثرات سے محفوظ رہیں۔ وفاقی وزیر نے تمام سٹیک ہولڈرز بشمول والدین، کمیونٹی لیڈرز اور ہیلتھ کیئر ورکرز سے پولیو کے خلاف جنگ میں متحد ہونے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مل کر کام کرنے سے ملک پولیو سے پیدا ہونے والے چیلنجز پر قابو پا سکتا ہے اور اپنے بچوں کے لیے صحت مند مستقبل کو یقینی بنا سکتا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پولیو ویکسینیشن بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ پولیو پانچ سال سے کم عمر کے بچوں میں فالج یا موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار حفاظتی ٹیکوں نے دنیا بھر میں لاکھوں بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھا ہے اور پاکستان کا مقصد بھی پولیو سے پاک ممالک کی فہرست میں شامل ہونا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584420

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں