اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):ملک بھر میں شدید دھند کے باعث ہفتہ کو بھی زمینی سفر متاثر رہا ، نیشنل ہائی ویز اور موٹر وے پولیس نے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے حد نگاہ کم ہوتے ہی مرحلہ وار موٹر ویز کو بند کیا ۔
ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے موٹروے ایم ون کو پشاور سے رشكئی اور برہان سے اسلام آباد تک جبکہ موٹروے ایم 14کو عیسیٰ خیل سے یارک تک شدید دھند کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے صارفین کے جان و مال کا تحفظ ہے ۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ دھند کہ اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے دھند کے آغاز سے پہلے اپنی منزل مقصود تک پہنچ جائی-
دوران سفر گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں ،تیز رفتاری سےگریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں۔
سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے تازہ ترین معلومات ضرورحاصل کر لیں تاکہ دوران سفر دشواری سے بچا جاسکے ۔