کراچی۔5فروری (اے پی پی):ملک بھر کی طرح آج شہر قائد میں بھی یوم یکجہتی کشمیر قومی عزم و جذبے کے ساتھ منایا گیا، دن کی مناسبت سے گورنرسندھ، وزیراعلی سندھ سمیت دیگر سرکاری عہدیداران و مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نے پیغامات جاری کئےاور کشمیری عوام کی جدوجہد اور شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، مختلف تعلیمی اداروں ،سیاسی و مذہبی جماعتوں ، تنظیموں نے یوم یکجہتی کی مناسبت سے ریلیاں ،واک اور تقاریب کا انعقاد کیا جس میں مسئلہ کشمیر کی تاریخ ،بھارتی مظالم ،اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کے ساتھ سیاسی و سفارتی تعاون جاری رکھا جائے گا اور دنیا کے ہرفورم پر بھارتی مظالم کو اجاگر کیں جائے گا۔
کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلز چورنگی سے مزار قائد تک ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ سید شکیل احمد اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ راجہ طارق چانڈیو کے اشتراک سے ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں شرکاء نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ اتوار کو نکالی جانے والی ریلی کی قیادت وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کی۔ اس موقع پر شرکاء نے بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بلدیہ عظمی کراچی کے زیراہتمام کے ایم سی بلڈنگ میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن،میونسپل کمشنر کے ایم سی سید شجاعت حسین، بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ جاتی سربراہان، ملازمین سمیت معززین شہر کی کثیر تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ڈاو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی گئی اور واک کا انعقاد کیا گیا،جس میں بڑی تعداد میں ڈاکٹرز ، اساتذہ طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے بھی لگائے۔مقررین نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ کشمیری عوام کے لئے ہر فورم پر اواز اٹھاتے رہیں گے۔
کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور حقوق انسانی کی شدید پامالی،کشمیریوں پر مظالم کے خلاف اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی تا کشمور سندھ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا۔صوبے کے چھوٹے بڑے شہروں میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ریلیاں، مظاہرے، ہاتھوں کی زنجیر بناکر کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا،شرکاء نے کشمیر پر بھارتی مظالم کیخلاف اور کشمیری عوام کے حق میں فلگ شگاف نعرے لگائے جبکہ ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی،کشمیر پر ہونے والے مظالم پر خاموش کیوں؟ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کرائے جیسے مطالبے درج تھے۔
یکجہتی کشمیر ریلیوں سے جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی ومقامی رہنماوں کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سول سوسائٹی،علماء کرام،پولیس افسران، تاجروں، طلباء اور مزدور رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔