ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم یکجہتی کشمیر جوش وخروش سے منانے کی تیاریاں مکمل

106

کراچی۔ 04 فروری (اے پی پی):ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی (کل) 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ اس سلسلے میں نہ صرف ریلیاں نکالی جائیں گی بلکہ مختلف آرگنائزیشن کی جانب سے سیمینار اور دیگر تقریبات کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں نگراں وزیرداخلہ سندھ بریگیڈیئر(ر) حارث نواز، محمود شامل، فراصت رضوی، جمشید حسین اور مقصود الزماں خان اظہارخیال کریں گے جبکہ شام 7 بجے مشاعرہ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ مذیدبرآں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی افواج نے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے اور یہ ناجائز قبضہ اتنے سال گزرنے کے باوجود آج بھی جاری ہے، اس تمام عرصے میں بھارت نے معصوم اور نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے ہیں، مقبوضہ کشمیر انسانی تاریخ کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے،

دنیا بھارت کے ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کرے، وحشیانہ بھارتی بربریت کے باوجود کشمیری آزادی کی شمع جلائے ہوئے ہیں اور میں تمام شہداکو اور ان کے ورثاکوجو کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں کسی قسم کی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹے، سلام پیش کرتا ہوں ۔ ظلم و جبر کے باوجود کشمیری بھائیوں کی تحریک مزید ابھر رہی ہے، پاکستان نے ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کی بات کی ہے، بھارت کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہوگا، ظلم کی شب طویل سہی ایک دن ضرور ختم ہوگی اور کشمیر بھائی بہت جلد آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہوں گے،

مقبوضہ کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود نامکمل ہے، پاکستان کشمیری بھائیوں کی سیاسی ، اخلاقی اور سماجی حمایت جاری رکھے گا۔ ہم آج کے دن یہ عہد کرتے ہیں کہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد اور ان کی عظیم قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے اور ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو کامیابی سے ہمکنار کرے اور کشمیر کو آزادی ملے ۔