اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں نومبر 2020 کےدوران 14.46 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات پی بی ایس کے مطابق بڑی صنعتوں کی پیداوار اشاریہ ایل ایس ایم آئی کے مطابق اکتوبر کے مقابلہ میں نومبر کے مہینے میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ کی شرح 1.35 فیصد رہی۔ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 7.41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس عرصہ میں ٹیکسٹائل ، خوراک، مشروبات، تمباکو، پٹرولیم مصنوعات، ادویات و طبی آلات اور کیمیکلز کی پیداوار میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اسی طرح غیر دھاتی معدنی مصنوعات ، آٹو موبائل، فرٹیلائزرز اور پیپر بورڈ کی پیداوار میں بھی اضافہ کاعمومی رجحان دیکھنے میں آیا ۔ اس کے برعکس آئرن، سٹیل، الیکٹرانک اور لیبر مصنوعات کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے ۔ ٹیکسٹائل کی پیداوار میں 0.70فیصد، خوراک و مشروبات و تمباکو کی پیداوار میں 3.08 فیصد، کوک اور پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 0.09 فیصد کااضافہ ہوا ہے ۔