ملک میں تیل وگیس کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 11.93 فیصد کا اضافہ

122
اسٹیٹ بینک

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):ملک میں تیل وگیس کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں اضافہ ریکارڈکیا گیاہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکرنومبر2021 تک کی مدت میں ملک میں تیل وگیس کے شعبہ میں 110.7 ملین ڈالرکی براہ راست سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 11.93 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں تیل وگیس کے شعبہ میں 98.9 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔ اعدادوشمارکے مطابق نومبرکے مہینہ میں ملک میں تیل وگیس کے شعبہ میں 29.2 ملین ڈالرکی براہ راست سرمایہ کاری ہوئی۔

واضح رہے کہ جاری مالی سال کے دوران پورٹ فولیوسرمایہ کاری میں اضافہ کا عمومی رحجان دیکھنے میں آیا ہے جبکہ مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری میں 72.9 فیصد کی شرح سے نموریکارڈکی گئی، جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 455.5 ملین ڈالرریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 263.4 ملین ڈالرتھا۔