اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):ملک میں سیمنٹ کی مقامی کھپت میں رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 0.3 فیصد کمی اور برآمدات میں 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ملک میں سیمنٹ کی مقامی کھپت 37336000 ٹن ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 0.3 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں سیمنٹ کی مقامی کھپت کا حجم 37454000 ٹن ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اپریل میں ملک میں 3342000 ٹن سیمنٹ کی کھپت ہوئی جو مارچ کے مقابلے میں 6 فیصد کم ہے۔ مارچ میں ملک میں 3571000 ٹن سیمنٹ کی کھپت ریکارڈ کی گئی تھی۔ گزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں رواں سال کی اسی مدت میں سیمنٹ کی کھپت میں سالانہ بنیادوں پر 13 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ گزشتہ سال اپریل میں ملک میں 2951000 ٹن سیمنٹ کی کھپت ریکارڈ کی گئی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 7359000 ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 5714000 ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596434