ملک میں شرح خواندگی میں اضافہ کے لئے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، سپیکر قومی اسمبلی

144
سپیکر قومی اسمبلی کا وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر کی والدہ کے انتقال پراظہار تعزیت

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک میں شرح خواندگی میں اضافہ کے لئے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے تمام فریقین کو مل کر کام کرناہوگا۔ بدھ کو خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ کوئی بھی معاشرہ شرح خواندگی میں اضافے کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ۔ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے خواندگی کی شرح میں اضافہ ضروری ہے ۔

موجودہ حکومت شرح خواندگی کے تناسب میں اضافے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کا فروغ اور شرح خواندگی کو سو فیصد تک لانا موجودہ حکومت کا وژن ہے ۔ملک میں شرح خواندگی میں اضافے کے لیے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ حکومت کی طرف سے ملک میں یکساں تعلیمی نظام کا نفاز قابل ستائش ہے۔ یکساں تعلیمی نظام کا نفاز شرح خواندگی میں اضافے میں معاون ثابت ہو گا۔ ماضی میں شرح خواندگی میں اضافے پر توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت شرح خواندگی میں اضافہ ہو گا اور پاکستان کا شمار خواندگی کی شرح میں سر فہرست ممالک میں ہوگا۔