ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتہ 0.27 فیصدکی نمو رہی، پاکستان بیورو برائے شماریات

189
ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ہفتہ واربنیادوں پر0.27 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ واررپورٹ کے مطابق روزمرہ استعمال کی 7اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور21 کی قیمتوں میں استحکام رہا، اس کے برعکس 23اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

گزشتہ ہفتہ کے دوران پیاز کی قیمتوں میں 9.40 فیصد، چکن 2.25 فیصد، ایل پی جی 1.51 فیصد، لہسن 1.39 فیصد، کیلا 0.68فیصد،دال چنا 0.13 فیصد اورسرسوں کے تیل کی قیمت میں 0.05 فیصد کی کمی ہوئی، اس کے برعکس ٹماٹرکی قیمت میں 6.32 فیصد، گڑ3.41فیصد، آٹا2.76 فیصد، تیارچائے 2.66 فیصد، آلو2.14 فیصد، بیف2.12 فیصد، پکی دال 1.98 فیصد، خشک دودھ 1.91 فیصد، انڈے 1.83 فیصد،باسمتی چاول1.42 فیصد، دال مسور1.19 فیصد اورواشنگ سوپ کی قیمت میں 1.04 فیصدکااضافہ ہوا۔ 17,732 روپے تک ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.38 فیصداضافہ ہوا،

17733 روپے سے لیکر22888 روپے،22889 روپے سے لیکر29517 روپے، 29518 روپے سے لیکر44175 اوراس سے زیادہ ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.38 فیصد، 0.36 فیصد، 0.33 فیصد اور0.20فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیا، صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17شہروں کی 50مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیادپرکیا جاتاہے۔