ملک میں معاشی ترقی کے لئے امن ناگزیر ہے،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا امن کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

121

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی ترقی کے لئے امن ناگزیر ہے، اسلام دنیا میں امن کے فروغ پر زور دیتا ہے، پیارے نبی ﷺ تمام انسانیت کے لئے رحمت العالمین ہیں اور آپ کی تعلیمات سے ساری انسانیت کو امن کا پیغام ملا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا، جو 21 ستمبر 2022 کو دنیا بھر میں "نسل پرستی کا خاتمہ اور امن قائم کریں” کے موضوع کے تحت منایا گیا۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان امن کا حامی ہونے کے ناطے خطے میں امن کو فروغ دینے میں بھی سب سے آگے رہا ہے، خاص طور پر افغانستان میں پاکستان نےافغان امن عمل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

سپیکر نے رنگ و نسل یا مذہب سے قطع نظر پیار، ہمدردی اور بھائی چارے کے ساتھ مل جل کر رہنے کی اہمیت پر زور دیا اورخطے میں مثبت کردار ادا کرکے امن و استحکام کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی خوشحالی کے لئے معاشرے میں امن اور رواداری کو فروغ دیں۔