اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):ملک میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ہفتہ واربنیادوں پر0.16 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ واررپورٹ کے مطابق یکم دسمبرکو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں روزمرہ استعمال کی 10 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی، 23 کی قیمتوں میں اضافہ اور18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹماٹرکی قیمت میں 12.26 فیصد، پیاز2.79 فیصد، چکن 1.71 فیصد، دال چنا 0.68 فیصد، دال مسور0.64 فیصد، ڈھائی کلو بناسپتی گھی 0.38 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی 0.12 فیصد، 5 کلوکوکنگ آئل 0.11فیصد، گڑ0.11 فیصد اورایل پی جی کی قیمت میں 0.42 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی۔
اس کے برعکس کیلا کی قیمت میں 3.36 فیصد، لپٹن چائے 1.72 فیصد، آلو1.65 فیصد، ماچس 1.32 فیصد، سرخ مرچ پاؤڈر1.32 فیصد اوراری سکس چاول کی قیمت میں 1.23فیصدکااضافہ ہوا۔
سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.34 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی، 17733 روپے سے لیکر22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر29517 روپے، 29518 روپے سے لیکر44175 روپے اوراس سے زیادہ ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.30 فیصد، 0.24 فیصد، 0.18 فیصد اور0.10 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی،صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیادپرکیاجاتاہے۔