ملک میں کارکنوں کی 2.2ارب ڈالرکی ترسیلات موصول ہوئیں،ماہانہ 2ارب ڈالر سے زائد ترسیلات پہنچنے کا سلسلہ جون 2020 سے جاری ہے، اسٹیٹ بینک

75
State Bank
State Bank

کراچی۔10مارچ (اے پی پی):فروری 2022 میں کارکنوں کی ترسیلات کی مستحکم کارکردگی برقرار رہی اور 2.2ارب ڈالرکی ترسیلات آئیں ، اس طرح ماہانہ 2ارب ڈالر سے زائد ترسیلات پہنچنے کا سلسلہ جون 2020 سے جاری ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فروری 2022 کے دوران ترسیلات ماہ بہ ماہ 2 فیصد بڑھ گئیں حالانکہ اس مہینے ایامِ کار کی تعداد کم ہوتی ہے جبکہ ترسیلات سال بسال بنیاد پر2.7فیصد کم ہوگئیں۔

مالی سال 22 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران ترسیلات مجموعی طور پر 20.1ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گذشتہ سال کی اسی مدت کی نسبت7.6 فیصد زائد ہیں۔

فروری 2022 کے دوران زیادہ تر رقوم سعودی عرب سے 558 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 387 ملین ڈالر، برطانیہ سے 319 ملین ڈالراور امریکہ سے 210 ملین ڈالرسے آئیں۔